Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

پاکستانی کو لوٹ کر قتل کرنیوالے 4عربوں کے سر قلم

مکہ مکرمہ ۔۔۔ مقامی حکام نے پاکستانی شہری رحیم تاج غلام کو لوٹ کر قتل کرنے کا الزام ثابت ہوجانے پر یمنی شہریوں علی سالم ابراہیم یحییٰ ، عبدالباسط عبدالصمد غرسان، یحییٰ عایش مسعود بخیت اور یاسین محمد علی کے سر قلم کردیئے گئے۔ اسلامی قانون جان کے بدلے جان کے تحت چاروں کو اتوار کو مکہ مکرمہ میں موت کی سزا دے دی گئی۔ سعودی وزارت داخلہ نے اعلامیہ جاری کرتے ہوئے بتایا کہ چاروں عرب پاکستانی شہری کو قتل کرکے فرار ہوگئے تھے۔ پاکستانی ایک کمپنی کے صدر دفتر میں چوکیدار تھا اور کمپنی کے کیبل وغیرہ اس کی نگرانی میں تھے۔ واردات کرنے والے اس کے قبضے میں موجود سب کچھ چھین کر فرار ہوئے تھے۔ مقامی حکام کا کہنا ہے کہ سیکیورٹی فورسز کے اہلکاروں نے مفرور ملزمان کو تلاش کرکے گرفتار کرلیا۔ ان پر قتل کی فرد جرم عائد کرکے انہیں جنرل کورٹ میں پیش کردیا گیا۔ ججوں نے الزامات سن کر واردات کرنے والوں کو موت کی سزا سنائی۔ عدالت نے موقف اختیار کیا کہ مدعا علیہم نے حرام کام کیا۔ انہوں نے فساد فی الارض کے جرم کا ارتکاب کیا لہذا انہیں حد الحرابہ کی سزا سنائی گئی۔ ہائیکورٹ اور پھر سپریم کورٹ نے بھی اس فیصلے کی توثیق کر دی تھی جبکہ ایوان شاہی نے عدالت کے فیصلے پر عملدرآمد کا حکم بھی جاری کردیا تھا۔ وزارت داخلہ نے خبردار کیا کہ جو شخص بھی قانون اپنے ہاتھ میں لے گا اسے نہیں چھوڑا جائے گا۔ 
 

شیئر: