مملکت میں 40 سالہ قیام زندگی کا اثاثہ ہے، ہمیشہ یاد رہیگا، راجہ محمد زریں
جدہ/مکہ مکرمہ( محمدعامل عثمانی ) کشمیر کمیٹی جدہ کے متحرک رکن راجہ محمد زریں خان کے اعزاز میں کشمیر کمیٹی جدہ کے صدر مسعود احمدپوری نے الوداعی عشائیہ دیا ۔ صدر کمیٹی نے کشمیر کمیٹی میں انکی خدمات کو سراہا اور کمیٹی کی جانب سے یادگار شیلڈ پیش کی۔ مسعود پوری نے کہا کہ مظلوم کشمیر یوں کے ساتھ یکجہتی اورانکے حق میں آواز بلند کرنا ہم سب کا اخلاقی اورایمانی فرائض کا تقاضا ہے میں امیدکرتا ہوں کہ زریں خان پاکستان میں بھی اس مہم کو جاری رکھیں گے۔ راجہ محمدزریں خان نے صدرکمیٹی کی خواہش سے اتفاق کرتے ہوئے وعدہ کیا کہ میں پاکستان میں بھی کشمیر کمیٹی جدہ کی مہم کو جاری رکھونگا ۔ انھوں نے مزید بتایا کہ 4 اگست 1978 کو اسلام آباد سے جدہ سعودی عرب پہنچا تھا۔اس وقت نئے جدہ ائیرپورٹ کا کام شروع ہی ہوا تھا ۔ ائیرپورٹ مکمل ہونے کے بعد 1986ءمیں ایئرپورٹ ہی پر دوسری کمپنیوں میں خدمات انجام دیتے ہوئے 30 نومبر 2018 ءکو ریٹائرڈ ہواہوں ۔ 40 سال کا پورا عرصہ اس بابرکت سرزمین پرالحمد للہ عزت اور باوقار طریقے سے گزراہے جس پر اللہ تعالیٰ کا لاکھ لاکھ شکر گزار ہوں ۔یہاں پر گزرا ہواوقت میری زندگی کا اثاثہ ہے اور ہمیشہ یاد رہے گا ۔ تمام دوستوں کا ممنون و مشکور ہوں جنہوں نے میری حوصلہ افزائی کی۔آپ سب کا پیار،خلوص، عزت اور محبت میرے لئے قیمتی اثاثہ ہیں جسے کبھی فراموش نہیں کرسکتا۔ اللہ تعالیٰ کا شکر ادا کرتا ہوں کہ مملکت کے قوانین کے دائرے میں رہتے ہوئے مختلف فورمزپر کشمیریوں کی نمائندگی کا موقع ملا جو ایک اعزاز ہے۔ خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز، ولی عہد محمد بن سلمان،سعودی حکومت، سعودی بھائیوں اور او آئی سی کا شکریہ ادا کرتا ہوں کہ مشکل کی ہر گھڑی میں پاکستان، پاکستانی اور کشمیریوں کی کھل کر سیاسی، اخلاقی، مالی اور سفارتی مدد کی۔ میں وطن عزیز جاتے ہوئے خوشی محسوس کررہا ہوں لیکن دوسری طرف حرمین شریفین کی قربت سے دور ی کا تکلیف دہ احساس بھی ہے۔ اردو نیوز کے ساتھ خاص تعلق رہا ۔جب سے اس کااجرا ہوا، اس وقت سے اردو نیوز میں لکھتا رہا۔دعا ہے کہ اللہ پاک اردو نیوز کو مزید ترقی عطا کر ے، اسی طرح مقبول رہے،آمین۔