کراچی: بینک کا سیکیورٹی گارڈ لاکرز توڑ کر لاکھوں روپے لے اڑا
کراچی: شہر قائد میں ڈیفنس کے علاقے میں نجی بینک سے گارڈ ہی نے کارروائی کرتے ہوئے لاکھوں روپے ”صاف“ کردیئے اور بڑی رقم لے کر فرار ہونے میں کامیاب ہوگیا۔ ذرائع کے مطابق کراچی کے علاقے ڈیفنس میں نجی بینک کے گارڈ نے بینک کے لاکرز سے 65 لاکھ روپے چرا لئے۔ رپورٹ کے مطابق ڈیفنس بی کی مارکیٹ میں نجی بینک میں صبح ساڑھے 7 بجے بینک کے اپنے ہی سیکیورٹی گارڈ نے چوری کی واردات کی۔ جس نے بینک کے 10 لاکرز سے 65 لاکھ روپے اور ڈالر لوٹے اور فرار ہونے میں کامیاب ہوگیا۔ واردات سے متعلق پولیس کا کہنا ہے کہ سیکورٹی گارڈ نے کٹر اور گیس ویلڈنگ کی مدد سے 22 لاکرز کاٹے جن میں سے 10 لاکرز سے رقم لوٹی جبکہ دیگر 22 لاکرز سے لوٹے گئے سامان یا رقم کی تحقیقات کی جاری ہیں۔ پولیس کے مطابق ملزم کی شناخت منظور کے نام سے ہوئی ہے اور وہ گزشتہ 6 ماہ سے بینک میں نائٹ شفٹ میں تعینات تھا۔ انسپکٹر جنرل سندھ پولیس کلیم امام نے چوری کی واردات کا نوٹس لیتے ہوئے ڈی آئی جی سی آئی اے اور ڈی آئی جی ساﺅتھ سے انکوائری رپورٹ طلب کرلی۔