سانحہ ساہیوال ٹارگٹ کلنگ ہے،رحمان ملک
اسلام آباد...سینیٹ کی قائمہ کمیٹی داخلہ کے چیئرمین رحمان ملک نے ساہیوال واقعہ کو ٹا رگٹ کلنگ قرار دےدیتے ہوئے متاثرین کویقین دلایا کہ انکے ساتھ انصاف ہوگا۔ متاثرہ خاندان کو تحفظ بھی دیں گے۔ چیئرمین قائمہ کمیٹی کے حکم پر متاثرین کو سینیٹ گاڑی و پولیس سیکیورٹی میں اسلام آباد لایا گیا۔ اجلاس میں رحمن ملک نے کہا کہ لواحقین پر کسی قسم کا دباو برداشت نہیں کریں گے۔ سینیٹرجاوید عباسی اور سینیٹر اعظم سواتی میں تلخ جملوں کا تبادلہ ہوا۔ اعظم سواتی نے کہا کہ غلطی سی ٹی ڈی اہلکاروں نے کی۔ حکومت اور پورے محکمے کو الزام ٹھہرانا غلط ہے۔ چیئرمین کمیٹی نے کہا کہ حکومت واقعہ کی تحقیقات کے لئے جوڈیشل کمیشن بنا ئے ، جے آئی ٹی کو مسترد کر تے ہیں۔ اجلاس میں ذیشان کی والدہ رو پڑیں۔ انہوں نے کہا کہ میری آپ سے التجا ہے کہ ذیشان بے قصور تھا۔ اب اس پر الزام لگا رہے ہیں کہ وہ دہشت گرد ہے۔ پولیس میرے بیٹے کو زندہ پکڑ سکتی تھی کلبھوشن کو زندہ پکڑا جاسکتا ہے تو میرے بیٹے کو کیوں نہیں۔