جنوبی افریقا میں پی ٹی آئی ڈیمز فنڈ مہم چلائے گی
اسلام آباد: پی ٹی آئی رہنما فیصل جاوید خان نے کہا ہے کہ پارٹی کی جانب سے جنوبی افریقا میں ڈیمز فنڈ ریزنگ مہم چلائیں گے جس میں وزیرا عظم عمران خان کا دستخط شدہ بیٹ اور گیند نیلامی کے لیے پیش کیے جائیں گے۔ ذرائع کے مطابق اس موقع پر پاکستان کرکٹ ٹیم کو بھی دعوت دی گئی ہے جس میں کپتان شعیب ملک، محمد حفیظ، حسن علی، شاداب خان،ا مام الحق اور عثمان شنواری سمیت دیگر بھی شامل ہیں۔
نجی ٹی وی کے مطابق جاوید خان کا مزید کہنا تھا کہ ڈیمز فنڈ ریزنگ مہم میں بیرون ملک پاکستانیوں کا جذبہ قابل تحسین ہے، اب تک ڈیم فنڈ میں پاکستانیوں نے بڑھ چڑ کر حصہ ڈالا ہے۔ انہوں نے اپیل کی کہ جنوبی افریقا میں بڑی تعداد میں بسنے والے پاکستانی ڈیمز فنڈ میں بھرپور حصہ ڈالیں۔ وہ وقت دور نہیں جب ہم پاکستان میں پانی کے بحران پر قابو پا لیں گے ۔