لاکرز چوری کا مقدمہ درج‘ بینک انتظامیہ اور سیکورٹی کمپنی کی لاپروائی ثابت
کراچی: نجی بینک میں گزشتہ روز لاکرز توڑ کر چوری کرنے کے واقعے کا مقدمہ درج کرلیا گیا ہے۔ ذرائع کے مطابق کراچی کے علاقے ڈیفنس میں واقع نجی بینک میں گزشتہ روز سیکورٹی گارڈ اپنے ساتھیوں کے ساتھ مل کر لاکرز سے لاکھوں روپے چرا کر فرار ہوگیا تھا ، جس کا مقدمہ درج کرلیا گیا ہے۔ پولیس کے مطابق بینک کے آپریشن مینیجر نوشاد حسین کی مدعیت میں تھانہ ڈیفنس میں مقدمہ درج کیا گیا جس میں سیکورٹی گارڈ منظور احمد اور اس کے ساتھیوں کو نامزد کیا گیا ہے ۔
تھانے میں درج کی گئی ایف آئی آر کے مطابق 63 لاکھ 66 ہزار 88 پاکستانی روپے، 957 امریکی ڈالر اور 380 پاؤنڈ چوری کیے گئے ہیں۔ اس حوالے سے پولیس مزید کاکہنا ہے کہ ملزمان بینک کی عقبی گلی والے راستے سے داخل ہوئے تھے اور انہوں نے گیس کٹرز کی مدد سے 31 لاکرز توڑے۔ اس دوران گارڈ اور اس کے ساتھیوں نے سیکورٹی الارم اور تمام کیمرے منقطع کردیے، الارم منقطع ہونے کی اطلاع سیکورٹی کمپنی کو موصول نہیں ہوئی۔ واردات کے بعد سیکورٹی گارڈ فرار ہوگیا جب کہ اس کی رائفل بینک میں موجود ہے ۔ پولیس حکام نے کہا کہ بینک انتظامیہ نے پولیس کی فراہم کردہ ایس او پی فالو نہیں کی، ایس او پی کے مطابق بینکوں کے گارڈز ہر ماہ تبدیل کیے جاتے ہیں۔
پولیس ذرائع کے مطابق ملزم سیکورٹی گارڈ تقریباً ایک سال سے اسی بینک میں تعینات تھا اور 6 ماہ قبل چھٹیوں پر چلا گیا تھا، تاہم واپس آنے کے بعد بھی اسی بینک ہی میں ڈیوٹی کررہا تھا جبکہ بینک انتظامیہ کے پاس سی سی ٹی وی کیمروں کے بیک اپ کا انتظام نہیں۔