ق لیگ کے رہنما کا قتل‘ سی سی ٹی وی فوٹیج منظر عام پر
جمعرات 31 جنوری 2019 3:00
گجرانوالہ: مسلم لیگ ق کے رہنما کو گزشتہ روز فائرنگ سے قتل کیے جانے کی سی سی ٹی وی فوٹیج منظر عام پر آ گئی ہے جس میں فائرنگ کے بعد 3 افراد کو سفید گاڑی میں فرار ہوتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے۔ ذرائع کے مطابق گزشتہ روز واپڈا ٹاؤن کے علاقے میں ق لیگ کے رہنما کاشف مہر اور ان کے محافظ کو گھر میں گھس کر فائرنگ سے قتل کردیا گیا تھا۔
پولیس ذرائع کے مطابق فائرنگ کاشف مہر کے داماد عامر اور اس کے بھائی نے پیسوں کے لین دین کے جھگڑے کی وجہ سے کی۔ واقعے کی سی سی ٹی وی فوٹیج میں ملزمان کو فائرنگ کرتے اور سفید رنگ کی گاڑی میں فرار ہوتے دیکھا جاسکتا ہے، جن میں مقدمے میں نامزد مقتول کے داماد کا بھائی بھی شامل ہے۔ دوسری جانب وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے واقعے کا نوٹس لے کر ملزمان کی فوری گرفتاری کا حکم دے دیا۔