لاہور: ن لیگ کے رہنما اور سابق گورنر سندھ محمد زبیر نے وزیر اعظم کی جانب سے وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کو وسیم اکرم قرار دینے پر تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ بات سابق کرکٹر کے ساتھ زیادتی ہے۔ ذرائع کے مطابق لاہور کی کوٹ لکھپت جیل کے باہر میڈیانمایندوں سے بات کرتے ہوئے لیگی رہنما نے کہا کہ تحریک انصاف سندھ میں خطرناک کھیل کھیل رہی ہے، ایسے اقدامات کے نتائج بہت خطرناک ثابت ہوتے ہیں، پی ٹی آئی کے لیڈر کہتے ہیں کہ وہ مراد علی شاہ کو اندر کردیں گے۔
نجی ٹی وی کے مطابق انہوں نے مزید کہا کہ جو کہتے تھے ہم ایک کروڑ نوکریاں دیں گے ، وہ مائنس میں چل رہے ہیں۔ جو بھی پرفارمنس ہوتی ہے وہ پوری ٹیم کی ہوتی ہے ، جب اوپر کپتان ہی جعلی ہو تو ٹیم کی پرفارمنس کیا ہوگی۔ محمد زبیر نے وزیراعظم کی جانب سے وزیراعلیٰ پنجاب کو عثمان بزدار قرار دینے پر کہا کہ یہ وسیم اکرم سے زیادتی ہے ۔