نئی دہلی۔۔۔مودی حکومت نے آئندہ عام انتخابات کے پیش نظر خواتین ،کسانوں، غیر منظم سیکٹر کے کارکنوں، تاجروں ،ملازمت پیشہ افراداور متوسط طبقہ کیلئے انتخابی سال میں اعلانات کی بارش کردی۔وزیر خزانہ پیوش گوئل نے آج لوک سبھا میں مالی سال 2019-20 کا عبوری بجٹ پیش کرتے ہوئے اعلان کیاکہ حکومت چھوٹے کسانوں کی مدد کیلئے’’ وزیر اعظم کسان احترام فنڈ‘‘قائم کریگی جس کے تحت 2ہیکٹر تک زمین پر کاشت کرنے والے کسانوں کو سالانہ 6 ہزارروپے دینے کا فیصلہ کیا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ یہ منصوبہ یکم دسمبر 2018 سے نافذ العمل ہوگا۔ یہ رقم 2،2 ہزار روپے کی3 قسطوں میں دی جائے گی۔پہلی قسط جلد ہی کسانوں کے اکا ئونٹس میں پہنچ جائیگی۔گویل نے کہا کہ اس اسکیم سے 12 کروڑ کسانوں کو فائدہ ہوگا۔ اس سے سرکاری خزانے پر سالانہ تقریباً75 ہزار کروڑ روپے کا بوجھ پڑے گا۔نئی پنشن اسکیم کے تحت غیر منظم سیکٹرز کے 60سال کی عمر کے ملازم کو 100روپے جمع کرانے کے بعدماہانہ 3ہزار روپے دیئے جائیں گے۔بجٹ میں مزدوروں کیلئےبھی پنشن کا اعلان کیا گیا اس سے10کروڑ کارکنوں کو فائدہ ہوگا۔ حکومت نے بجٹ میں دفاعی شعبے کیلئے 3 لاکھ کروڑ روپے سے زائد رقم مختص کی ہے۔ یہ رقم مرکزی حکومت کے کُل اخراجات کا 12.10فیصد ہے۔اس میں سے ایک لاکھ 95 ہزار 947 کروڑ روپے حقیقی اخراجات اور 99 ہزار 536 کروڑ روپے دیگراخراجات کیلئے مختص کئے گئے ہیں۔ گویل نے کہا کہ سابقہ حکومت نے سابق فوجیوں کے ون رینک ون پنشن 2014 اور2015 کیلئے عبوری بجٹ میں 500 کروڑ روپے کی منظوری دی تھی جبکہ موجودہ حکومت اب تک اس معاملے میں سابق فوجیوں کو 35 ہزار کروڑ روپے ادا کرچکی ہے۔گوئل نے واضح کیا کہ سالانہ 5لاکھ سے زیادہ آمدنی والوں کو موجودہ نظام کے تحت ہی ٹیکس ادا کرنا ہوگا۔
وزیر اعظم نریندر مودی نے کہا کہ یہ بجٹ غریبوں و کسانوں کو استحکام اور متوسط طقبے کے خوابوں کو شرمندہ تعبیر کریگا۔
بجٹ 2019 پرراہول گاندھی نےتنقید کرتے ہوئے کہا کہ کسانوں کوہرروز 17 روپئے دینا ان کی توہین ہے۔
مدھیہ پردیش کے وزیر اعلیٰ کمل ناتھ نے مرکز کی مودی حکومت کی جانب سے آج پارلیمنٹ میں پیش کیے گئے بجٹ کو عوام کے ساتھ چھلاواقرار دیا اور کہا کہ یہ حکومت عوام کو اچھے دن نہیں دکھا سکے گی۔
بی جے پی کے صدر امت شاہ نے بجٹ کیلئے نریندر مودی اور انکی پوری حکومت کو مبارکباد دی ہے۔ انہوں نے کہا کہ آج کے بجٹ نے پھر یہ ثابت کردیا کہ مودی حکومت ملک کے غریب ، کسان اور نوجوانوں کے خواب اور امیدوں کو لے کر وقف حکومت ہے۔
اترپردیش کے وزیر اعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ نے بجٹ کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ یہ بجٹ نیا ہندوستان کے خواب کو پورا کرنے میں مدد کرے گا۔
مرکزی وزیر داخلہ راجناتھ سنگھ نے بجٹ کو تاریخی قرار دیا۔
کانگریس کے لیڈر ملک ارجن کھڑگے نے کہا کہ انتخابات کے وقت ان کا 15 لاکھ روپے کا وعدہ تھا ، 10 کروڑ روزگار5سال میں دینے کا وعدہ تھا ، اس کے بارے میں بجٹ میں کچھ اعلان نہیں ہوا ۔الیکشن کو پیش نظر رکھتے ہوئے یہ پورا بجٹ پیش کیا گیا ہے ۔ اگر وہ واپس نہیں آئیں گے تو یہ وعدہ کون پورا کرے گا؟
کانگریسی رہنما ششی تھرور نے بجٹ پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ مڈل کلاس کو جو ٹیکس میں چھوٹ دی گئی ہے ، وہی ایک اچھاقدم ہے۔ انہوں نے کہا کہ کسانوں کو 6 ہزار روپے کی مدد کے طور پر دینے کاجو اعلان کیا گیاوہ ماہانہ 500روپے کے حساب سے ہوگا۔کیا یہ رقم کسانوں کیلئے کافی ہوگی؟