سنچری بنا کر اشارہ کرنے کا غلط مطلب نہیں تھا، امام الحق
لاہور: جنوبی افریقہ کیخلاف ون ڈے سیریز کے مین آف دی سیریز پاکستانی اوپنر امام الحق وطن واپس پہنچ گئے۔ جنوبی افریقہ سے واپسی پرپاکستانی اوپنر امام الحق کا کہنا تھا کہ تیسرے ون ڈے میں سنچری بنانے کے بعد جو اشارے کئے، ان کا کوئی غلط مطلب نہیں تھا۔ خود پر تنقید کرنے والوں کو ہمیشہ اپنی اچھی کارکردگی سے ہی جواب دینے کی کوشش کرتاہوں۔ جذبات کے عالم میں ایسا ہو جاتا ہے، کوشش کرتاہوں کہ ہر اننگز میں زیادہ سے زیادہ رنز کروں اور ناقدین کو اپنی اچھی کارکردگی سے جواب دوں۔ امام الحق نے کہا کہ جنوبی افریقہ میں کھیلنے کا پہلا تجربہ تھا،ٹیسٹ میچز میں کافی کچھ سیکھا، ون ڈے میچز میں بہتر کھیل کا مظاہرہ کیا ۔ ایک میچ میں بارش کی وجہ سے رزلٹ پر فرق پڑا اگر بارش نہ ہوتی تو وہ میچ پاکستان جیت سکتا تھا۔ امام الحق نے کہا کہ جنوبی افریقہ کا دورہ ہمیشہ سے مشکل سمجھا جاتا ہے اور وہاں کھیلنا کبھی آسان نہیں ہوتا۔ کوشش کروں گا کہ آئندہ بھی اسی کارکردگی کو جاری رکھوں۔ انہوں نے کہا کہ پی ایس ایل 4کے میچز کے پاکستان میں انعقاد سے پوری دنیا کو مثبت پیغام ملے گا ۔ شعیب ملک اور سرفراز احمد کی کپتانی میں کوئی فرق نہیں، دونوں اچھی کپتانی کرتے ہیں۔
کھیلوں کی مزید خبریں اور تجزیئے پڑھنے کیلئے واٹس ایپ گروپ"اردو نیوز اسپورٹس"جوائن کریں