اسکندریہ ... مصر کے ساحلی شہر اسکندریہ میں بندرگاہ کے اندر اور باہر بے شمار گاڑیاں کھڑی ہوئی ہیں اور زنگ آلود ہونے لگی ہیں۔ حالیہ ایام کے دوران گاڑیوں کے نرخ بڑھ جانے پر مقامی شہریوں نے سوشل میڈیا پر ایک مہم چلائی تھی جسے ”گاڑیوں کو زنگ آلود ہونے دو“ کا عنوان دیا گیا تھا۔ اس کی وڈیو کلپ غیر معمولی طور پر وائرل ہوئے۔ مقامی شہریوں کا موقف یہ تھا کہ تاجروں نے نئی پرانی گاڑیوں کی قیمتیں حد سے زیادہ مقرر کررکھی ہیں لہذا ان کا بائیکاٹ کیا جائے۔ تاجروں کا کہناہے کہ گزشتہ 4ما ہ سے گاڑیوں کی مارکیٹ کساد بازار ی کا شکار ہے۔ پرانی اور نئی گاڑیوں کے مالکان نے اعتراف کیا ہے کہ انہیں بھاری نقصان ہوا ہے۔ انہوں نے پرانی قیمتوں پر گاڑیاں خریدی تھیں جبکہ گاہکوں کو کم قیمت پر فروخت کررہے تھے اس کے باوجود کوئی بھی خریدار نہیں ِآرہا۔ 2018ءماڈل کی گاڑیاں ابھی تک یونہی کھڑی ہوئی ہیں۔ بعض کار ساز کمپنیاں مصری تاجروں سے ڈیلر شپ کے اجازت نامے منسوخ کرنے لگی ہیں۔