Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

طبی معائنہ فیس 500 ریال لینے پر احتجاج، تادیبی کارروائی شروع

جدہ۔۔۔۔ سعودی شہریوں نے شکوہ کیا ہے کہ بعض اسپتالوں اور میڈیکل سینٹرز میں ڈاکٹر حضرات طبی معائنہ کی فیس 500 ریال تک وصول کررہے ہیں۔ یہ حد سے زیادہ ہے۔ ایک ہی مرض کا ماہر ڈاکٹر ایک اسپتال میں کچھ فیس لے رہا ہے اور دوسرے اسپتال میں اسی مرض کا ماہر ڈاکٹر اس سے مختلف فیس وصول کررہا ہے۔ وزارت صحت اس صورتحال سے نمٹنے کیلئے موثر اقدامات کرے۔ وزارت صحت نے طبی معائنہ فیس حد سے زیادہ وصول کرنے کے رواج کے سدباب کیلئے تفتیشی کمیٹیوں کو موثر کردیا ہے۔ اطلاعات یہ ہیں کہ حد سے زیادہ طبی معائنہ فیس کی وصولی کی شکایات کی بھرمار ہوگئی تھی۔ وزارت صحت کا کہنا ہے کہ صحت خدمات کے نرخ نامے کی خلاف ورزی ، ریکارڈ کرنے کیلئے تفتیشی کمیٹیاں اپنا کام کررہی ہیں۔ نجی صحت اداروں کے قانون کی دفعہ 7 میں طبی معائنے کی قیمت اور مختلف خدمات کا نرخ نامہ متعین ہے۔ ہر نجی ادارہ اپنے یہاں خدمات کا نرخ نامہ متعین کرکے وزارت صحت سے اس کی منظوری لیتا ہے۔ کسی بھی نجی اسپتال یا ہیلتھ سینٹر کو وزارت سے منظور شدہ نرخ نامے کی خلاف ورزی کی اجازت نہیں ہے۔ جدہ میں لاعلاج امراض میں مبتلا شہریوں نے اس بات پر افسوس ظاہر کیا تھا کہ نجی اسپتال بھاری فیسیں وصول کررہے ہیں اور ان پر کوئی روک ٹوک نہیں ہے۔ انہوں نے یہ شکوہ بھی کیا کہ سرکاری اسپتالوں میں طبی معائنے کی تاریخ مہینوں بعد مقرر کی جارہی ہے اسی وجہ سے وہ مجبوراً نجی اسپتالوں یا ہیلتھ سینٹرز سے رجوع کررہے ہیں ۔

شیئر: