Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

بینڈ باجا نہ بارات، آئی اے ایس اور آئی آر ایس افسرکی عدالت میں شادی

بلند شہر۔۔۔آئی اے ایس یا آئی آر ایس افسران کی شادی آپ نے انتہائی مہنگے انتظامات اور دھوم دھام  کے ساتھ ہوتی دیکھی ہوگی لیکن غازی آباد میں ایک آئی اے ایس اور آئی آر ایس افسر نے نہایت سادگی سے شادی کی رسم ادا کی۔دولہا دلہن صدر تحصیل جاکر نائب رجسٹرار آفس میں شادی کا رجسٹریشن کرایا۔ رائے بریلی علاقے کے رہنے والے  نوین کمار چندر 2017ء بیچ کے آئی اے ایس اور راجستھان کے گاؤں سوجان گڑھ کی رہنے والی رنجنا کماری 2017ء بیچ کی آئی آرایس افسر ہیں۔ دونوں فی الحال مسوری اکیڈمی میں زیر تربیت ہیں۔جلد ہی انہیں تعینات کیا جائیگا۔نہ بینڈ نہ باجا ،نہ بارات اور نہ ہی شورشرابہ ۔ شادی کے دوران دولہا دلہن کے والدین ، ان کے وکیل اور بعض قریبی افراد موجودتھے۔ افسردولہا دلہن نے بتایا کہ انہوں نے معاشرے کے نوجوانوں کو فضول خرچی سے روکنے کاپیغام دینے کی غرض سے سادگی سے شادی کی ۔دونوں نے بتایا کہ اس اقدام سے معاشرے میں پھیلی ہوئی جہیز کی لعنت اور بیجا اسراف سے لوگوںکوبچانے کی راہ ہموار ہوگی۔آئی اے ایس افسر نے بتایا کہ شادی میں فضول خرچی سے نہ صرف لڑکی کے خاندان والے زیر بار آتے ہیں بلکہ دولت کے بیجا اسراف سے معاشرے میں برائیاں پیدا ہوتی ہیں۔نوین کمار چند ر کے والد رام دیو نے بتایا کہ بیٹا آئی اے ایس افسر بنا تو اس کیلئے دور دور سے رشتے آنے لگے۔ رشتہ طلب کرنے والوں نے شادی میں 5،5کروڑ روپے تک خرچ کرنے کی پیشکش کی لیکن انہوں نے انکار کردیا اور بیٹے کی رضا مندی سے بغیر جہیز کے شادی کرکے مثال قائم کردی۔
مزید پڑھیں:- - - - -فوجی تختہ الٹنے کی افواہ کی تحقیقات کرائی جائے، بی جے پی

شیئر: