Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

بلاول کی جے آئی ٹی رپورٹ سے نام نکالنے کی اپیل

اسلام آباد: پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے منی لانڈرنگ اور جعلی بینک اکاﺅنٹس سے متعلق کیس کی مشترکہ تحقیقاتی ٹیم کی رپورٹ سے نام نکالے جانے سے متعلق عدالت عظمیٰ کے فیصلے پر نظر ثانی کی اپیل دائر کردی ہے۔ ذرائع کے مطابق اپیل میں بلاول کی جانب سے موقف اختیار کیا گیا ہے کہ جے آئی ٹی نے مجھے کبھی بلایا ہی نہیں، مجھے سنے بغیر میرے خلاف آبزرویشنز دی گئیں۔ عدالت کے زبانی حکم نامے میں میرا نام جے آئی ٹی رپورٹ سے ہٹانے کا حکم دیا گیا اور تحریری حکم نامے میں میرا نام جے آئی ٹی رپورٹ سے ہٹانے کا نہیں کہا گیا، لہٰذا زبانی حکم نامہ تحریری حکم نامے سے مختلف نہیں ہوسکتا۔ بلاول بھٹو کی جانب سے اپیل میں مزید کہا گیا ہے کہ جے آئی ٹی نے تسلیم کیا کہ میرے خلاف مواد ناکافی ہے ، یہ بھی تسلیم کیا گیا کہ میرا نام جے آئی ٹی میں غلطی سے ڈالا گیا۔ جے آئی ٹی کی تشکیل پر بھی سوالات پیدا ہوتے ہیں، کیا حساس اداروں کو کسی جے آئی ٹی کا حصہ بنایا جاسکتا ہے؟ حساس اداروں کے جے آئی ٹی میں شمولیت پر اعتراضات ہیں۔7 جنوری کے حکم نامے پر نظر ثانی کی جائے اور میرا نام جے آئی ٹی سمیت دیگر تفتیشی اداروں سے نکالا جائے۔
 
 

شیئر: