اسلام آباد: وزیر اعظم کی زیر صدارت سول سروس ریفارمز ٹاسک فورس کا اجلاس ہوا، جس میں انہوں نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ایک وقت تھا جب پاکستانی سول سروس خطے کی بہترین سروس تھی اور دیگر ممالک کے ہم سے سیکھنے آتے تھے، بدقسمتی سے سیاسی مداخلت کے باعث اس کا زوال شروع ہوا۔ انہوں نے کہا کہ سول سروس کو سیاسی مداخلت سے بچانے کے لیے سیاست دانوں کی تربیت بھی ضروری ہے، تاکہ بیورو کریٹ بلاخوف و خطر ذمے داریاں انجام دیں۔
وزیر اعظم کا مزید کہنا تھا کہ ہماری حکومت نیک نیتی کے ساتھ اصلاحات کا ایجنڈا لے کر آئی ہے ، عوامی فلاح و بہود کی خاطر نظام میں بہتری لانے کے خواہش مند ہیں، احتساب اور میرٹ ہی نظام میں بہتری لانے کے اصول ہیں۔حکومت کا مشن ہے کہ بیوروکریسی کو سیاسی مداخلت سے بچایا جائے۔ ہر تقرر صرف میرٹ کی بنیاد پر کیا جائے۔ کے پی کے میں ہماری حکومت سروس کے انتظامی ڈھانچے میں تبدیلیاں لائی، جس کے نتیجے میں صوبے کی گورننس بہترہوئی۔