پاناما لیکس میں شامل مزید افراد کو تلاش کرنے کا حکم
اسلام آباد: وزیر اعظم سیکرٹریٹ کے ذرائع کے مطابق پاناما لیکس میں شامل 175 افراد کو تلاش نہیں کیا جا سکا جبکہ 78 افراد کی نامعلومات نامکمل تھیں، جن کی تلاش کے لیے ایجنسیوں کی مدد لینے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ وزیر اعظم عمران خان نے پاناما لیکس میں شامل افراد کو تلاش کرنے کا حکم دے دیا ہے۔ رپورٹ کے مطابق وزیرا عظم سیکرٹریٹ کے ذرائع کے حوالے سے بتایا گیا ہے کہ پاناما لیکس میں شامل 250 سے زائد افراد ٹیکس ایمنسٹی لے چکے ہیں اور بیشتر کمپنیاں بھی چین منتقل کی جا چکی ہیں۔ واضح رہے کہ جزیرہ پاناما کی ایک لا فرم موساک فونسیکا نے 2016ءمیں پاناما میں جائداد بنانے والی دنیا کی اہم شخصیات کے بارے میں ایک کروڑ 10 لاکھ دستاویزات جاری کی تھیں، جن میں آف شور کمپنیاں بنانے والے پاکستان سمیت دنیا کی نامور شخصیات کے نام سامنے آئے۔ دستاویزات کا پاکستان میں سب سے بڑا نقصان سابق وزیراعظم نواز شریف کو ہوا، جن کا نام سامنے آنے پر سپریم کورٹ میں طویل کیس چلا اور اعلیٰ عدالت نے 28 جولائی 2017ءکو پاناما کیس کا فیصلہ سناتے ہوئے نواز شریف کو بطور وزیراعظم نااہل قرار دیا۔