کوہاٹ؍کابل۔۔۔ افغانستان کے جنوبی صوبہ ہلمند میں افغان و اتحادی افواج کی مبینہ بمباری سے 21 افغان شہری جاں بحق اور5 شدید زخمی ہوگئے۔جاں بحق ہونیوالوں میں خواتین اور بچے شامل ہیں ۔صوبہ ہلمند کے گورنر کے ترجمان عمرزواک نے ہلاکتوں کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ شدت پسندوں نے شہری علاقے سے افغان فورسز پر فائرنگ کیا جس پر جوابی کارروائی کرتے ہوئے بمباری کی گئی ۔ترجمان نے ہلاکتوں کی تعدادبتانے سے گریز گیا اور کہا کہ واقعہ کی تحقیقات کا حکم دیا گیا ہے۔ادھر گزشتہ روز مغربی صوبہ فراح کے ضلع بالابولوک کی حدودمیں طالبان نے فراح سے قندہار جانے والی شاہراہ پر واقع ایک پولیس چیک پوسٹ پر حملہ کیا جس کے نتیجے میں 7 پولیس اہلکارہلاک ہو گئے۔صوبائی کونسل کے رکن داداللہ قانی نے بتایا ہے کہ اس حملے میں طالبان نے پولیس اہلکاروں سے اسلحہ بھی چھین لیا جبکہ پولیس سربراہ نے واقعہ کی تفصیلات بتانے سے انکارکردیا ۔طالبان ترجمان قاری یوسف احمدی نے دعویٰ کیا ہے کہ اس حملے میں 7 پولیس اہلکاروں کو ہلاک دیا گیا۔ ان کے قبضہ سے11 ہتھیار بھی برآمدکرلئے۔