امریکہ، سوڈان کا نام دہشت گردوں کی فہرست سے خارج کردے، عرب پارلیمنٹ
قاہرہ ۔۔۔ عرب پارلیمنٹ نے امریکہ سے سوڈان کا نام دہشت گردی کے سرپرست ممالک کی فہرست سے خارج کرنے کا مطالبہ کردیا۔ پارلیمنٹ نے اس امر پر زور دیا کہ سوڈان کو عالمی برادری میں مکمل کردار ادا کرنے اور اہم ملک کی حیثیت سے عالم عرب ، علاقائی و بین الاقوامی سطح پر کام کرنے کا موقع دیا جانا چاہئے۔ عرب پارلیمنٹ کا اختتامی اجلاس اتوار کو عرب لیگ کے صدر دفتر قاہرہ میں منعقد ہوا۔ سعودی وفد کی نمائندگی مجلس شوریٰ کے صدر شیخ ڈاکٹر عبداللہ آل الشیخ نے کی۔ عربوں کے پارلیمانی وفود اجلاس میں شامل ہوئے۔ انہوں نے مشترکہ اعلامیہ جاری کرکے امریکہ پر زور دیا کہ وہ اپنے دفتر خارجہ کی فہرست سے سوڈان کا نام خارج کر دیں۔ امریکی دفتر خارجہ سوڈان کا نام دہشت گردی کے سرپرست ممالک میں شامل کئے ہوئے ہے۔