Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

تجاوزات آپریشن کے متاثرہ دکانداروں کو متبادل دکانیں الاٹ

-کراچی:  انسداد تجاوزات مہم کے دوران کے ایم سی نے متاثرہ دکانداروں کو متبادل دکانیں الاٹ کردیں۔ ذرائع کے مطابق کراچی میٹروپولیٹن کارپوریشن (کے ایم سی) بلڈنگ میں دکانوں کی تقسیم کے لیے آج قرعہ اندازی کی تقریب کا انعقاد ہوا، اس دوران 1445 دکانداروں کو کرائے پر متبادل جگہ پر دکانوں کے کاغذات تقسیم کیے گئے۔ 
ذرائع کے مطابق کے ایم سی اپنے کرایہ داروں کو 7 مختلف مارکیٹوں میں دکانیں دے رہی ہے۔  لائنز ایریا کی شہاب الدین مارکیٹ میں 352 متبادل دکانیں دی جارہی ہیں، اسی طرح فریئر روڈ مارکیٹ میں 68 دکانداروں کو منتقل کیا جائے گا۔ پی آئی ڈی سی مارکیٹ سے ملحقہ پلاٹ پر 315 دکانداروں کو جگہ دی جائے گی جب کہ سولجر بازار مارکیٹ میں متاثرین کو 100 دکانیں کرائے پر دی جائیں گی۔ انسداد تجاوزات آپریشن کے متاثرین کو لیاری کی کھڈا مارکیٹ سے متصل کے ایم سی زمین پر 484 دکانیں، ناظم آباد 2 نمبر میں 35 دکانیں اور پی آئی ڈی سی مارکیٹ سے ملحقہ پلاٹ پر 315 دکانداروں کو جگہ دی جائے گی۔ اسی طرح متاثرین کو رنچھوڑ لائن بیف مارکیٹ میں 54 اور سبزی مارکیٹ میں 37 اسٹال دیے جائیں گے ۔
اس حوالے سے منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کمشنر کراچی افتخار احمد شلوانی نے کہا کہ انسداد تجاوزات کارروائی کے متاثرین کو متبادل دینے کو کہا تھا اور متاثرین سے کیے گئے وعدے آج سے پورے کیے جارہے ہیں۔ میئر کراچی وسیم اختر نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وزیر اعلیٰ سندھ اور لوکل گورنمنٹ کی رہنمائی ساتھ ہے، عدالت نے سندھ حکومت کو متاثرین کو متبادل دکانیں دینے کی ذمے داری دی تھی۔ تجاوزات کے خلاف صدر کے علاقے میں کامیاب کارروائی کی ہے ، دوسرے مرحلے میں لوگوں کو متبادل جگہ دے رہے ہیں، کسی کے ساتھ زیادتی نہ ہو اس لیے قرعہ اندازی کر رہے ہیں۔

شیئر: