ولیعہد آئندہ ہفتہ پاکستان سمیت 5 ممالک کا دورہ کرینگے
ریاض۔۔۔ سعودی ولیعہد ، نائب وزیر اعظم و زیر دفاع شہزادہ محمد بن سلمان آئندہ ہفتے پاکستان ، ہندوستان، چین ، ملائیشیا اور انڈونیشیا 5 ایشیائی ممالک کا سرکاری دورہ کریں گے۔ وہ تیل برآمدات پر سعودی معیشت کا انحصار محدود کرنے کیلئے ایشیائی ممالک خصوصاً پاک و ہند میں توانائی اور بنیادی ڈھانچے کے منصوبے شروع کرنے پر توجہ مرکوز کریں گے۔ ہندوستانی دفتر خارجہ نے اعلان کیا ہے کہ سعودی ولیعہد ہندوستان کے دو روزہ سرکاری دورے پر منگل کو نئی دہلی پہنچیں گے۔ یہ ان کا پہلا دورہ ہند ہوگا۔ ان کے ہمراہ وزرائ، اعلیٰ عہدیدار اور ممتاز سرمایہ کاروں پر مشتمل اعلیٰ سطح کا وفد بھی ہوگا۔ اس سے قبل ہندوستانی وزیراعظم نریندر مودی نے فروری 2016ءمیں سعودی عرب کا کامیاب دورہ کرکے دونوں ملکوں کے درمیان اسٹراٹیجک شراکت کو مزید مضبوط بنانے پر اتفاق کیا تھا۔ دریں اثناء امریکی خبررساں ادارے بلومبرگ نے اپنی رپورٹ میں بتایا ہے کہ سعودی عرب ہندوستان کے بنیادی ڈھانچے کے فنڈ اور نیشنل انویسٹمنٹ فنڈ میں سرمایہ لگائے گا۔ اس حوالے سے متعدد اسکیمیں زیر غور ہیں۔ سعودی عرب ہندوستان کے بنیادی ڈھانچے اور نیشنل انویسٹمنٹ فنڈ میں سرمایہ لگانے والا پہلا ملک ہوگا۔ سعودی عرب ہندوستان کا چوتھا بڑا تجارتی شریک بن گیا ہے۔ ہندوستانی وزارت توانائی کے ایک عہدیدار نے بتایا کہ سعودی عرب نے ہندوستان کے زرعی شعبے میں سرمایہ لگانے کی خواہش ظاہر کی ہے۔ اس سے حاصل ہونے والی پیداوار سعودی عرب میں کھپائی جائے گی۔ یاد رہے کہ سعودی ولیعہد ہندوستان سے قبل 16 اور 17 فروری کو پاکستان کا دورہ کریں گے۔