مکہ مکرمہ ۔۔۔ دنیا کے سب سے بڑے الحرمین عجائب گھر میں نوادر جمع کرنے کیلئے 40کمیٹیاں تشکیل دیدی گئیں۔ یہ عجائب گھر نہ صرف یہ کہ اسلامی طرز تعمیر کا نمائندہ ہوگا اس میں مملکت کے اندر اور باہر سے اسلامی دنیاسے تعلق رکھنے والے نوادر کا انتخاب بھی منفرد اور بہت بڑا ہوگا۔ اس مقصد کیلئے 40کمیٹیاں تشکیل دی گئی ہیں۔ ماہرین آثار قدیمہ پر مشتمل ہیں۔ یہ ایسی سلطنتوں اور تمدنوں کے نوادر جمع کرنے پر مامورہیں جن میں سے بعض کی تاریخ 30ہزار قبل مسیح پرانی ہے۔ عجائب گھر شائقین کو دنیا کے آغازسے لیکر اب تک ہونے والی تبدیلیوں سے عصر بہ عصر متعارف کرائیگا۔ سعودی وژن 2030کے مطابق اسلامی عجائب گھر عالمی معیار کا ہوگا۔ نوادر جمع کرنے ان کی حفاظت ، ترتیب اور پیشکش میں جدید ترین وسائل سے فائدہ اٹھایا جائیگا۔ عجائب گھر کے تشکیلی عناصر متعلقہ ماحول کے ہونگے۔ اغیار کے تجربات نقل کرنے کی کوشش نہیں ہوگی۔ مجلس شوریٰ کے رکن ڈاکٹر احمد الزیلعی نے عکاظ ا خبار کو بتایا کہ عالمی عجائب گھروں سے نوادر خریدنے کا کوئی پروگرام نہیں۔سعودی عرب کے مختلف علاقے بنی نوع انساں کی تاریخ کا محور رہے ہیں۔ ان سب سے نوادر جمع کئے جائیں گے۔ عجائب گھر کا ہدف کسی ایک جگہ کے انسان کی زندگی کو مجسم شکل میں پیش کرنا ہی نہیں ہے بلکہ انسان کی شناخت کو نمایاں کرنا بھی اس کے اہداف میں شامل ہے۔