اسلام آباد.... وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے کہا ہے کہ پاکستان کے سعودی شاہی خاندان کے ساتھ خوشگوار تعلقات ہیں۔پاکستان سعودی عرب تعلقات کی ایک تاریخ ہے۔سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کا یہ دورہ پاکستان سعودی عرب تعلقات کی اسی تاریخ کا تسلسل ہے، گزشتہ حکومتوں کے 10 سالوں میں پاکستان کے مشرق وسطیٰ سے تعلقات کافی خراب رہے لیکن وزیراعظم عمران خان نے اقتدار سنبھالتے ہی اپنے وژن کے مطابق پاکستان کے مشرق وسطیٰ کے ساتھ تعلقات کو بہتر بنانے پرخصوصی توجہ دی ہے۔ اس بات کا اعادہ کیا کہ اب پاکستان کو عالمی مسلم تنازعات کے حل میں کردار ادا کرنا ہے۔وزیراعظم کے وژن کے نتیجے میں آج پاکستان مشرق وسطیٰ میں بہت اہم سیاسی کھلاڑی کے طور پر ابھرا ہے۔ سرکاری ٹی وی کو انٹرویو میں انہوں نے کہا کہ ماضی کی نسبت پاکستان سعودی عرب تعلقات میں گرمجوشی پیدا ہوئی ہے۔سعودی عرب کی جانب سے پاکستان میں حالیہ سرمایہ کاری گذشتہ 10سالوں کے مقابلے میں سب سے زیادہ ہے جس سے پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان بڑھتے ہوئے تعلقات کا اندازہ لگایا جا سکتا ہے۔