ولیعہد کے دورے سے پاکستان کی تعمیر و ترقی میں مدد ملے گی، الدریویش
ریاض۔۔۔ انٹرنیشنل اسلامی یونیورسٹی اسلام آباد کے سربراہ ڈاکٹر احمد الدریویش نے کہا ہے کہ ولیعہد شہزادہ محمد بن سلمان کے دورہ سے پاکستان کی تعمیر و ترقی میں بڑی مدد ملے گی۔ انہوں نے سعودی خبررساں ادارے ایس پی اے سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ شہزادہ محمد بن سلمان کا دورہ سیاسی، سماجی ، اقتصادی ، ثقافتی، تعلیمی اور اکیڈمی سمیت جملہ شعبوں کے بنانے سنوارنے میں موثر ثابت ہوگا۔ انہوں نے توجہ دلائی کہ سعودی عرب اپنے بانی شاہ عبدالعزیز کے دور سے لے کر اثر حاضر تک اسلامی اور انسانی پالیسی کو اپنی پہچان بنائے ہوئے ہے۔ انہوں نے کہا کہ متعدد سیاسی ماہرین کہہ چکے ہیں کہ یہ دورہ بے حد اہم ہے اور اس کے متوقع نتائج دونوں ممالک کے مضبوط تعلقات کے مستقبل پر منعکس ہونگے۔