برونی ایکسپریس کو بم سے اڑانےکی دھمکی
لکھنؤ۔۔۔گوالیار سے برونی جانیوالی ایکسپریس میں اس وقت کھلبلی مچ گئی جب ٹرین کے سلیپر کوچ میں سفر کرنیوالے ایک نوجوان نے جی آر پی کنٹرول روم کو اطلاع دی کہ ٹرین میں 2مشتبہ شخص بیٹھے ہوئے ہیں۔یہ لوگ ٹرین کو بم سے اڑانے کی دھمکی دے رہے ہیں۔اطلاع ملتے ہی پولیس اور بم ڈسپوزل اسکواڈ حرکت میں آگیا اور ٹرین کو پپرسنڈ اسٹیشن پر رکوادی ۔پولیس نے نوجوان کو ساتھ لیکر تقریباً2گھنٹے ٹرین میں تلاشی مہم شروع کی تاہم کوئی بم یامشکوک شئے برآمد نہیں ہوئی۔پولیس نے فون کرنیوالے نوجوان کو حراست میں لے کر ٹرین کو منزل کی جانب روانہ کردیا۔لکھنؤ رینج کے ایس پی ریلوے سومتر یادو نے کہا کہ ایک نوجوان نے کنٹرول روم کو بوگی میں 2مشکوک افراد کو برونی ایکسپریس کو بم سے اڑانے کی بات چیت کا مسیج دیا تھا۔ اس کے بعد ٹرین کو روک کر اُس میں ہنگامی حالت نافذ کردی گئی ۔ پولیس نے اطلاع دینے والے نوجوان کو ساتھ لیکر ٹرین کی بوگیوں کے تمام مسافروں کی شناخت کرائی تاہم کوئی مشکوک شخص نظر نہیں آیا۔اس کارروائی کی وجہ سے اس روٹ پر چلنے والی متعدد ٹرینوں کی روانگی میں تاخیر ہوئی۔