سائبر حملوں کا خطرہ‘ الرٹ رہنے کی ہدایت
اسلام آباد: پاکستان میں سائبر حملوں کے خطرات کے پیش نظر متعلقہ اداروں کو الرٹ رہنے کی ہدایات جاری کی گئی ہیں۔ ذرائع کے مطابق گزشتہ روز پاکستان کی چند ویب سائٹس پر حملوں کی اطلاعات آئی ہیں جس کی ذمے داری ہندوستانی ہیکرز نے قبول کی تھی۔
ذرائع ابلاغ کے مطابق 17 فروری 2019ء کو ہندوستانی ہیکرز نے پاکستان کی چند ویب سائٹس پر حملوں کا اعتراف کیا تھا جس کے بعد حکومت کی جانب سے متعلقہ محکموں کو سائبر حملوں سے نمٹنے کے انتظامات کرنے کی ہدایات جاری کی ہیں اور اس حوالے سے زور دیا گیا ہے کہ تمام ادارے ملک کر دشمن کے مذموم عزائم اور سازشوں کو ناکام بنائیں۔ذرائع کے مطابق’ پاکستان نیٹ ورک انفارمیشن سینٹر‘ کا ڈومین مینجمنٹ سسٹم اور انفرا اسٹرکچر محفوظ ہے جبکہ مسلسل نگرانی بھی کی جا رہی ہے ۔