اسلام آباد... صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کو اعلی ترین اعزاز نشان پاکستان سے نوازا ہے۔ ایوان صدر میں ہونے والی پروقار تقریب میں وزیر اعظم عمران خان،چیئرمین سینیٹ،تینوں مسلح افواج کے سربراہ اور اعلی شخصیات نے شرکت کی۔ بعد ازاں ظہرانے سے خطاب کرتے ہوئے صدر عارف علوی نے کہا کہ سعودی عرب اور پاکستان تاریخی رشتوں میں بندھے دوست ہیں۔ ولی عہد کے اعزاز میں ظہرانہ میرے لئے اعزاز کی بات ہے ۔ سعودی عرب کی دوستی پاکستان کے عوام کے دلوں میں ہے۔ پاک ،سعودی دوستی مذہب اور ثقافت پر مبنی ہے ۔ صدر مملکت نے خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز کو بھی دورہ پاکستان کی دعوت دی۔ ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان نے اس موقع پر کہا کہ پاکستان کے سب سے بڑے اعزاز پر شکریہ ادا کرتا ہوں۔ دونوں ملکوں کے تعلقات وقت گزرنے کے ساتھ مضبوط ہورہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مملکت کی ترقی میں پاکستانی ہنر مند اپنا کردار اد ا کررہے ہیں۔