یوپی: آگرہ لکھنؤ ایکسپریس وے پر بس حادثہ،6افراد ہلاک
جمعرات 21 فروری 2019 3:00
لکھنؤ۔۔۔۔آگرہ ، لکھنؤ ایکسپریس وے پر واقع رانی کھیڑا گاؤں کے قریب علی الصبح مسافروں سے بھری بس ڈرائیور کے قابو سے باہر ہوکر الٹ گئی۔حادثہ میں 3خواتین اور 2بچوں سمیت 6افراد ہلاک اور ایک درجن سے زائد زخمی ہوگئے۔زخمیوں کو فوری علاج کیلئے لکھنؤ کے ٹراما سینٹر پہنچایا گیا۔ذرائع کے مطابق گزشتہ رات جائے وقوعہ پرپلاسٹک پائپ سے لدا ٹرک حادثہ کا شکار ہوگیا تھا جہاں پائپ بڑی تعداد میں سڑک پر بکھرے پڑے تھے۔اسی دوران لکھنؤ جانیوالی تیز رفتار مسافر بس وہاں گزرتے ہوئے پائپ سے پھسل کر الٹ گئی ۔جس سے حادثہ پیش آیا۔ایڈیشنل ایس پی ونو پانڈے نے بتایا کہ مرنیوالوں کی لاشیں اسپتال کے سرد خانے میں جمع کرادی گئیں جبکہ زخمیوں کا علاج جاری ہے جن میں متعدد کی حالت انتہائی نازک ہے۔ڈی ایم دیویندر پانڈے نے حادثے پرافسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اگراترپردیش ایکسپریس وے انڈسٹریل ڈیولپمنٹ اتھارٹی(یو پی ڈا)کے ملازمین پلاسٹک پائپ سڑک سے ہٹا نے میں لاپروائی نہ برتی ہوتی تو شاید یہ حادثہ پیش نہ آتا۔حکومت کو حادثے سے متعلق آگاہ کردیا گیا ۔ پولیس نے واقعہ کی رپورٹ درج کرکے تحقیقات شروع کردی۔