Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

پہلا ون ڈے:انگلینڈ نے ویسٹ انڈیز کا361رنز کا ہدف حاصل کرلیا

 
برج ٹاون:5 ون ڈے کی سیریز کے پہلے میچ میں انگلینڈ نے361رنز کا بڑا ہدف صرف4وکٹوں کے نقصان پر 48.4اوور ز میں364رنز بنا کر حاصل کرتے ہوئے میزبان ویسٹ انڈیز کو6وکٹوں سے شکست دے کر سیریز میں برتری حاصل کر لی۔85گیندوں پر123رنز بنانے والے انگلش اوپنر جیسن روئے مین آف دی میچ قرار پائے جبکہ ٹیسٹ کپتان جوئے روٹ نے 102رنز بنائے ، ویسٹ انڈیز کی جانب سے کرس گیل نے سنچری اسکور کی اور 12چھکوں کی مدد سے135رنز کی اننگز کھیلی لیکن ان کی طوفانی اننگز ٹیم کیلئے فائدہ مند ثاب نہ ہوئی۔ انگلینڈ نے مشکل فتح آسان بنا کر سمیٹ لی۔ پہلے ون ڈے میں مجموعی طور پر 98.4اوورز کھیلے گئے ، 12وکٹیں گریں اور 724رنز اسکور ہوئے ۔ویسٹ انڈیز نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کی تھی ۔کرس گیل نے جان کیمپبل کے ساتھ اننگز کا آغاز کیا تھا جو 36رنز بنا کر آوٹ ہوئے ، شائی ہوپ نے 64رنز بنائے اور گیل کے ساتھ دوسری وکٹ کیلئے 131رنز کی شراکت قائم کی ۔ڈیرن براوو 40رنز کےساتھ نمایاں رہے ۔گیل کیریئر کی23ویں سنچری مکمل کرنے کے بعد 129گیندوں پر135رنز بنا کر آوٹ ہوئے ۔ویسٹ انڈیز نے 50اوورز میں8وکٹوں کے نقصان پر360رنز بنائے ۔عادل راشد اور بین اسٹوکس نے3،3جبکہ کرس ووکس نے2وکٹیں لیں۔ویسٹ انڈین ٹیم نے انگلینڈ کیلئے 361رنز کے ہدف کی صورت میں رنز کا جو پہاڑ کھڑا کیا جسے مہمان ٹیم کے بیٹسمین آسانی سے سر کرنے میں کامیاب رہے۔اوپنرز جیسن روئے اور جوی بیئر اسٹو نے91رنز کی شراکت فراہم کی ، اسٹو 34رنز بنا سکے تاہم ٹیسٹ ٹیم کے کپتان جوئے روٹ نے جیسن روئے کے ساتھ 114رنز اوراس کے بعد کپتان ایون مورگن نے روٹ کے ساتھ 116رنز کی شراکت قائم کر کے میچ ویسٹ انڈیز سے چھین لیا۔جیسن روئے نے 85گیندوں کا سامنا کیا اور 3چھکوں اور 15چوکوں کی مدد سے123رنز بنا کر لوٹ گئے جبکہ روٹ 97گیندوں پر9چوکوں کی مدد سے102رنز بنانے میں کامیاب رہے لیکن وہ ٹیم کی کامیابی سے ایک گیند پہلے آوٹ ہوگئے ۔ کپتان ایون مورگن نے 51گیندیں کھیلیں ، 3چھکے اور4چوکے لگا کر65رنزبنائے ۔جوز بٹلر نے ایک ہی گیند کھیلی اور چوکا لگا کر ٹیم کو فتح سے ہمکنار کردیا ان کے ساتھ بین اسٹوکس 20رنز بنا کی ناقابل شکست رہے ۔ویسٹ انڈین کپتان اور فاسٹ بولر جیسن ہولڈر نے2جبکہ دیوندرا بشو اور اوشین تھامس نے ایک، ایک وکٹ لی ۔
کھیلوں کی  مزید خبریں اور تجزیئے پڑھنے کیلئے واٹس ایپ گروپ "اردو  نیوز اسپورٹس" جوائن کریں

شیئر: