ریاض۔۔۔ سعودی محکمہ ٹریفک نے اعلان کیا ہے کہ فیول ٹینک میں ایک چوتھائی سے کم پیٹرول کا ہونا ٹریفک خلاف ورزی نہیں۔ یہ وضاحت سوشل میڈیا پر گردش کرنے والے اس وڈیو کلپ کی بابت استفسار کے جواب میں جاری کی گئی جس میں مقامی شہری کو یہ کہتے ہوئے دکھایا گیا تھا کہ اگر آپ کے فیول ٹینک میں پیٹرول ایک چوتھائی سے کم ہے تو یہ ٹریفک خلاف ورزی شمار ہوگی اس پر جرمانہ ہوگا اور اس نے ناظرین کی آنکھوں میں دھول جھونکنے کیلئے ایک فرضی سلپ بھی دکھائی جس میں اس پر مذکورہ کوتاہی کے حوالے سے جرمانہ کیا گیا تھا۔ محکمہ ٹریفک کا کہنا ہے کہ یہ خلاف ورزی نہیں اور مذکورہ وڈیو جاری کرنے والے کی نشاندہی کرلی گئی ہے اسکا ریکارڈ بھی چیک کیا گیا جس میں کہیں بھی اس بات کا کوئی ثبوت نہیں ملا کہ اسے فیول ٹینک میں ایک چوتھائی سے کم پیٹرول ہونے پر جرمانہ کیا گیا ہو۔