295ترک فوجیوں کی گرفتاری کے احکامات
استنبول ۔۔۔ ترکی نے فتح اللہ گولن کے نیٹ ورک سے تعلق کے جرم میں حاضر سروس 295 فوجیوں کی گرفتاری کے احکامات جاری کردیئے۔ ان پر 2016 ءمیں کی گئی ناکام فوجی بغاوت کے مبینہ کردار فتح اللہ گولن کے نیٹ ورک کا حصہ ہونے کا الزام ہے ۔ 3 کرنل، 8 میجرز اور لیفٹیننٹ بھی شامل ہیں۔پراسیکیوٹر کے مطابق پولیس نے گولن کے مشتبہ نیٹ ورک کی فون کالز کی تحقیقات کے بعد رات ایک بجے گرفتاری کیلئے آپریشن شروع کیا۔استنبول پولیس کا کہنا ہے کہ 55 صوبوں میں کئے جانے والے اس آپریشن میں اب تک 150 افسران اور اہلکار گرفتار کیے جا چکے ہیں۔2016 ءمیں مبینہ طور پر صدر طیب اردوگان کے سابق ساتھی فتح اللہ گولن کی ایما پر کی گئی ناکام فوجی بغاوت میں 250 افراد ہلاک ہو گئے تھے۔گولن نے 1999 ءسے خود ساختہ جلا وطنی اختیار کی ہوئی ہے۔2016 سے اب تک تقریبا 77ہزار افراد کو جیل کی ہوا کھانی پڑی جن کےخلاف اب تک ٹرائل شروع نہیں کیا گیا ۔ روزمرہ بنیادوں پر گرفتاریاں بھی معمول کا حصہ ہیں ۔ حکام نے ناکام بغاوت کے بعد فوجی و پولیس اہلکاروں سمیت ڈیڑھ لاکھ سے زائد سرکاری ملازمین کو نوکریوں سے برخاست کردیا تھا۔