Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

آئی سی سی کو خط ہند کا بھونڈا مذاق ہے ،پاکستان کرکٹ بورڈ

لاہور:پاکستان کرکٹ بورڈ کے ذرائع نے کہا ہے کہ ہندوستانی کرکٹ بورڈ کی جانب سے انٹر نیشنل کرکٹ کونسل کو لکھے جانے والے پاکستان مخالف خط سے کوئی فرق نہیں پڑے گا۔ ہند کو انٹرنیشنل اولمپکس کونسل کے بعد انٹرنیشنل کرکٹ کونسل میں بھی شرمندہ ہونا پڑے گا۔ یا درہے کہ ہندوستانی کرکٹ بورڈ کی جانب سے آئی سی سی اور اس کے رکن ممالک سے کسی ثبوت کے بغیر تحریری مطالبہ کیا گیا ہے کہ وہ ایسے ممالک کے ساتھ کرکٹ روابط نہ رکھیں جن کی سرزمین دہشت گردوں کے ہاتھوں استعمال ہوتی ہے۔بی سی سی آئی نے خط میں پاکستان کے خلاف ورلڈ کپ میں نہ کھیلنے کی بات نہیں کی جبکہ یہ مضحکہ خیز موقف اپنایا کہ انگلینڈ میں ہونے والے کرکٹ ورلڈ کپ میں ان کے کرکٹرز، آفیشلز اور شائقین کی سیکیورٹی کو خطرات لاحق ہیں۔ پاکستان کرکٹ بورڈ کے ذرائع کا کہنا ہے کہ ہند کی جانب سے لکھے گئے اس بے بنیاد خط سے پی سی بی کو کوئی فرق نہیں پڑے گا۔ حقائق دنیا کے سامنے ہیں جبکہ آئی سی سی کے ایگزیکٹو بورڈ کے 15 رکن ممالک میں سے کوئی ایک بورڈ اکیلا کچھ نہیں کرسکتا۔ جس طرح ہند کو شوٹنگ ورلڈ کپ میں پاکستانی دستے کو ویزا نہ دینے کے معاملے پر شرمندگی اٹھانا پڑی بالکل اسی طرح آئی سی سی میں بھی شرمند ہ ہونا پڑے گا ۔ ہندوستانی کرکٹ بورڈ کی جانب سے آئی سی سی کو لکھے جانے والے خط پر رد عمل ظاہر کرتے ہوئے تجزیہ نگاروں نے اسے بھونڈا مذاق قرار دیا اور کہا کہ بعض سابق کھلاڑیوں اور بورڈ حکام نے اس ڈھول کو گلے میں ڈال کر پیٹنا شروع کر دیا ہے جس کی آواز سننے والا کوئی نہیں ۔ پاکستان کے ساتھ کھیلنے یا نہ کھیلنے کے فیصلے کا اصل اختیارہندوستانی حکومت، بورڈ یا آئی سی سی کے بجائے کسی اور کے پاس ہے ۔ انہوں نے کہا کہ یہ انہونی تجویزکہ انڈین کرکٹ بورڈ آئی سی سی سے یہ مطالبہ کرے گا کہ پاکستان کی ورلڈ کپ میں شمولیت پر پابندی عائد کی جائے، نہ جانے کس ذہن کی پیدا وار ہے ۔دنیا کا سب سے امیر کرکٹ بورڈ خود یہ بات بھول گیا کہ صرف پسند و ناپسند پر ایسے فیصلے نہیں ہو سکتے ۔
کھیلوں کی  مزید خبریں اور تجزیئے پڑھنے کیلئے واٹس ایپ گروپ "اردو  نیوز اسپورٹس" جوائن کریں

شیئر: