Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

پا ک و ہند کے سابق کرکٹرز میں الفاظ کی جنگ

کراچی: پلوامہ حملے کے بعد سے ہند کی دن بدن بڑھتی جنگی جنونیت کی کیفیت نے کرکٹ جیسی جنٹلمین گیم کو بھی اپنی لپیٹ میں لینے کی کوشش شروع کر دی ہے۔ پاک و ہند کے سابق کرکٹرز میں الفاظ کی جنگ کا سلسلہ شروع ہو گیا ہے جو کسی بھی طرح سے درست نہیں۔ پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان جاوید میانداد اور سابق لیگ اسپنر عبدالقادر نے ہندوستانی کرکٹرز کو ہوش کے ناخن لینے کا مشورہ دیاہے۔پاکستان کے ساتھ کرکٹ ورلڈ کپ میں نہ کھیلنے کا مشورہ دینے والے سابق کپتان سوربھ گنگولی کو مخاطب کرتے ہوئے جاوید میانداد نے کہا کہ شاید گنگولی انتہا پسندی کا مظاہرہ کرکے وزیر اعلیٰ بننا چاہتے ہیں۔ انہوں نے گنگولی کے طرزعمل کو بچکانہ اور بے وقوفانہ قرار د یا اورکہا کہ وہ انتہا پسندی کا مظاہرہ کر رہے ہیں۔ ورلڈ کپ میں پاکستان کے ساتھ نہ کھیلنے کی باتیں بےکار ہیں، آئی سی سی ایسے مضحکہ خیز مطالبات تسلیم کرنے کی پوزیشن میں نہیں کیونکہ اس کے آئین کے مطابق ہر رکن ملک کو ہر ایونٹ میں حصہ لینے کا پورا حق ہے۔قومی ٹیم کے سابق گگلی بولر عبدالقادر کا کہنا تھا کہ گنگولی ، ہربھجن اور چند دوسرے ہندوستانی کھلاڑی اگر حق اور انصاف کی بات نہیں کرسکتے تو پھر انہیں خاموش رہنا چاہیے، آنکھیں بند کرکے بلاسوچے سمجھے پاکستان پر الزامات لگا کر ہیر و بننے کی کوشش نہ کی جائے ۔ادھرہند کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان سچن ٹنڈولکر نے اپنا منفی ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ ہندوستان کو میچ کا بائیکاٹ نہیںکرنا چاہئے کیونکہ اس سے پاکستان کو فائدہ ہوسکتا ہے اور اسے 2پوائنٹس ملیں گے جس سے مجھے نفرت ہوگی ۔ ورلڈ کپ میں ہند نے ہمیشہ پاکستان کو ہرا یا ہے۔ مجھے ذاتی طور پر پاکستان کی مدد کرنا کسی صورت پسند نہیں۔ قبل ازیں سابق کپتان اورسینیئر بلے باز سنیل گواسکر نے بھی کچھ اسی طرح کی رائے ظاہر کی ہے ۔ بی سی سی آئی اور سی او اے کے درمیان ورلڈ کپ میں پاکستان کے ساتھ میچ کھیلنے کو لے کر گزشتہ روز میٹنگ ہوئی۔ جس کے بعد سی او نے پاکستان کے ساتھ میچ کے بائیکاٹ کا فیصلہ حکومت پر چھوڑ دیا تاہم انٹرنیشنل کرکٹ کونسل نے واضح کیا ہے کہ انگلینڈ میں ہونے والے کرکٹ ورلڈ کپ میں پاک ہند میچ شیڈول کے مطابق ہے تبدیل کرنے کا امکان نہیں۔ آئی سی سی کے جنرل مینجر کلیئر فرلونگ نے کہا ہے کہ کونسل کی بورڈ میٹنگ میں پاک ہند کرکٹ کے معاملے کو زیر بحث لائے جانے کا امکان ہے ۔آئی سی سی جنرل منیجر کا مزید کہنا تھا کہ کھیل بالخصوص کرکٹ میں لوگوں کو قریب لانے، دوریاں مٹانے اور قوموں کو متحد کرنے کی صلاحیت ہے۔ 
کھیلوں کی  مزید خبریں اور تجزیئے پڑھنے کیلئے واٹس ایپ گروپ "اردو  نیوز اسپورٹس" جوائن کریں

شیئر: