بہار : بجلی کا تار گرنےسے خوفناک آتشزدگی،15مکانات جل کر راکھ
ویشالی۔۔۔۔۔ بہار میں ضلع ویشالی کے لال گنج علاقہ میں واقع کچے مکان پر بجلی کا تاراچانک ٹوٹ کرگرگیا جس سے خوفناک آتشزدگی کا واقعہ پیش آیا۔ آگ اتنی شدید تھی کہ دیکھتے ہی 15 مکانات اس کی زد میں آگئے اور گھر کا سارا سامان جل کر راکھ ہوگیا۔ پولیس ذرائع نے بتایا کہ پرینيا گاؤں میں اتوار کی رات ہائی وولٹیج بجلی کا تار اچانک ٹوٹ کر ایک گھر پرآگرا جس سےایک درجن سے زائد کچے مکانات جل کر تباہ ہوگئے۔اطلاع ملتے ہی پولیس انتظامیہ کے افسران ،امدادی ٹیمیں اور فائر بریگیڈ کے اہلکار جائے وقوعہ پر پہنچ گئیں۔ فائر بریگیڈ کی ٹیموں نے آگ بجھانے کی کارروائی شروع کی اور کافی جدو جہد کے بعد آگ پر قابو پایا۔ پولیس نے واقعہ کی رپورٹ درج کرکےتحقیقات شروع کردی۔