چیلسی فٹبال کلب کے گول کیپر پر جرمانہ
لندن: چیلسی کلب کی انتظامیہ نے کوچ اور منیجر کی بات نہ ماننے والے ہسپانوی گول کیپر کیپا ایریزا پر جرمانہ عائدکرتے ہوئے ایک ہفتے کی تنخواہ سے محروم کر دیا ۔ فائنل کے دوران گول کیپر کیپا نے منیجر اور کوچ کے حکم کے باوجود باہر آنے سے انکار کردیا تھا ۔ دوسری جانب گول کیپر کیپا ایریزا نے کہا کہ میں نے کوچ ماریزو ساری کی بات نہ مان کر بہت بڑی غلطی کی اور اب میں کوچ کے ساتھ ساتھ شائقین ، ساتھی کھلاڑیوں اور کلب انتظامیہ سے معافی مانگتا ہوں۔ کلب انتظامیہ نے جرمانے کی مالیت نہیں بتائی جبکہ قبل ازیں منیجر نے کہا تھا کہ جو کچھ ہوا وہ غلط فہمی تھی۔ یاد رہے کہ چیلسی کلب کے کوچ ساری نے مانچسٹر سٹی کے خلاف کاراباﺅ کپ کے فائنل میں کیپا کو متبادل گول کیپر اتارنے کیلئے واپس بلایا تو کیپا نے کوچ کی بات نہ مان کر سب کو حیران کردیا جبکہ کوچ کو شرمندگی اور خفت سے دوچار ہونا پڑا۔یہ واقعہ اس وقت پیش آیا جب فائنل برابر ہونے کی وجہ سے اضافی وقت کا کھیل جاری تھا ،کیپا نے یہ ظاہر کیا کہ اس کا پٹھا چڑھ گیا ہے جس پر کوچ نے متبادل گول کیپر کو اتارنے کی تیاری کرتے ہوئے کیپا کو واپس بلانا چاہا تو کیپر ہاتھ سے اشارہ کرتے ہوئے کوچ سے کہا کہ وہ آرام سے بیٹھے جس پر کوچ ساری غصے سے لال پیلے ہوگئے جبکہ متبادل گول کیپراور کھلاڑی کو واپس بلانے کیلئے اس کے نمبر کا الیکٹرانک بورڈ اٹھانے والا اہلکار پریشان نظر آیا۔ اس صورتحال نے شائقین اوردونوں ٹیموں کے ارکان اور انتظامیہ کو بھی حیرت زدہ کر دیا تھا۔
کھیلوں کی مزید خبریں اور تجزیئے پڑھنے کیلئے واٹس ایپ گروپ " اردو نیوز اسپورٹس" جوائن کریں