ابوظبی کے او آئی سی اجلاس میں ہندوستانی وزیر خارجہ کی شمولیت کی منسوخی کا مطالبہ
ریاض (ذکاءاللہ محسن) ہندوستانی فضائیہ کی پاکستانی علاقے میں دراندازی اور جارحیت کے خلاف اہالیان ریاض کی جانب سے مذمتی تقریب منعقد کی گئی جس میں سیاسی، سماجی، ادبی اور مذہبی تنظیموں نے شرکت کی اور ہند کے مکروہ عزائم کے خلاف آواز بلند کی۔ اس موقع پر تقریب کی صدارت کرتے ہوئے قاضی اسحاق میمن نے کہا کہ ہند کی گیدڑ بھبھکیوں سے ہم ڈرنے والے نہیں۔ آج بھی ہمارے اندر 1965ءوالا جذبہ موجود ہے۔ مسلم لیگ (ن) کے صدر خالد اکرم رانا نے کہا کہ قوم کو اپنی فوج پر پورا بھروسہ ہے اور سمجھتی ہے کہ مسلح افواج باصلاحیت اور دنیا کی اعلیٰ تربیت یافتہ فوج ہے جس نے ہمیشہ ملکی سالمیت کو یقینی بنایا ہے۔ پاک سرزمین پارٹی کے صدر حنیف بابر نے کہا کہ پاکستانی قوم اپنی فوج کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔پیپلز پارٹی کے قائم مقام صدر احسن عباسی نے کہا کہ نریندر مودی کی غلط پالیسیو ںکی بدولت کشمیر میں تحریک آزادی میں تیزی آئی۔ مجلس پاکستان کے صدر رانا عبدالرﺅف نے کہا کہ وقت آگیا ہے کہ پاکستان بھی اب اسی زبان میں ہند سے بات کرے جو زبان اسے سمجھ میں آتی ہے۔ قومی وطن پارٹی کے مڈل ایسٹ کے کوآرڈینیٹر اقبال ودود نے کہا کہ پاکستانی قوم فوج کے ہمراہ کھڑی ہے اور ملک کے چپے چپے کا دفاع کریگی۔ جمعیت اہلحدیث کے رہنما فیصل علوی نے کہا کہ اپنے دشمن کو یہ پیغام دیں کہ ارض پاک کیلئے ملک کا ہر بوڑھا ہر جوان اور بچہ کسی بھی قربانی سے دریغ کئے بغیر سیسہ پلائی ہوئی دیوار کی مانند دشمن کے سامنے کھڑا ہوگا۔ مسلم لیگ (ن) آزاد کشمیر سعودی عرب کے صدر حاجی احسان دانش نے کہا کہ مودی سرکار محض الیکشن جیتنے کیلئے پاکستان پر الزام تراشی کررہی ہے۔ تقریب کے آخر میں او آئی سی سے مطالبہ کیا گیا کہ ہند، کشمیریوں کے بنیادی حق آزادی کو سلب کئے ہوئے ہے اور دوسری جانب پاکستان کے ساتھ جنگی ماحول کو گرما رہا ہے اسلئے ابوظبی میں ہونے والے او آئی سی کے اجلاس میں ہندوستانی وزیر خارجہ کی شمولیت کو منسوخ کیا جائے۔