جدہ۔۔۔ جدہ پولیس نے 4 کھاتیداروں کے 7 لاکھ ریال سے زیادہ چوری کرنےو الے 2 افغانیوں کو گرفتار کرلیا۔ مکہ مکرمہ پولیس کے ترجمان نے یہ اطلاع دیتے ہوئے بتایا کہ دونوں افغانی عمر کے تیسرے عشرے میں ہیں۔ یہ بینکوں سے رقم لے کر نکلنے والے کھاتیداروں کا تعاقب کرتے تھے ۔ کھاتیدار جونہی گاڑی میں بیٹھتا یہ اسے بے وقوف بنانے کیلئے کہتے کہ آپ کی گاڑی کے ٹائر کی ہوا نکلی ہوئی ہے ۔ کبھی یہ کہتے کہ گاڑی سے انجن آئل نکل رہا ہے۔ یہ سن کر کھاتیدار گاڑی سے اتر کر جونہی باہر آتا وہ اس کی غفلت کا فائدہ اٹھاکر رقم لے کر چلتے بنتے۔ پولیس نے متعدد کھاتیداروں کی شکایات کے بعد باقاعدہ منصوبہ بندی کرکے دونوں کو رنگے ہاتھوں گرفتار کرکے متعلقہ ادارے کے حوالے کردیا۔