Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

جنگی جنون میں مبتلا ہند کی آسٹریلیا کے ہاتھوں شکست

رانچی: ہند نے جنگی جنون میں مبتلا ہو کر اپنی کرکٹ ٹیم کو بھی اس میں گھسیٹ لیا ہے۔آسٹریلیا کے خلاف ون ڈے سیریز کے تیسرے میچ میں دنیائے کرکٹ نے ایک انوکھا تماشہ دیکھا جب ہندوستانی ٹیم میچ کیلئے آرمی کیمو فلاج کیپ پہن کر میدان میں کود پڑی۔کرکٹ ٹیم آرمی کیپ پہن کر میدان میں تو اتری لیکن اس کیپ کو گراونڈ کی مٹی میں رولتے ہوئے میچ میں شکست سے دوچار ہوگئی۔ ہندوستانی کرکٹ ٹیم نے ہوم گراونڈ رانچی میں ہونے والے سیریز کے تیسرے ون ڈے کیلئے روایتی کرکٹ کٹ سے ہٹ کر آرمی کیپ استعمال کیس ۔یہ ٹوپیاں سابق کپتان اور موجودہ وکٹ کیپر مہندر سنگھ دھونی نے کھلاڑیوں میں تقسیم کیں۔ کرکٹ کی تاریخ کے اس انوکھے میچ نے ہند کی جانب سے اسپورٹس مین اسپرٹ کے بجائے کھلاڑیوں کو بھی جنگی جنون میں مبتلا کردیا گیا۔ کپتان ویرات کوہلی ٹاس کے لیے میدان میں آئے تو فوجی کیپ پہنے ہوئے تھے، ٹاس جیتنے کے بعد انہوں نے انکشاف کیا کہ اپنی فوج سے اظہار یکجہتی کیلئے یہ کیپ پوری ٹیم پہنے گی جبکہ ٹیم نے میچ کا معاوضہ پلوامہ میں ہلاک ہونے والے سپاہیوں کے اہل خانہ کو عطیہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔واضح رہے کہ اس سے قبل کرکٹ میچ کے دوران امن اور کینسر جیسے امراض وغیرہ سے آگاہی کیلئے ٹیمیں مختلف رنگ کی شرٹس پہنتی آئی ہیں جنگی جنون اور جارحیت کو ہوا دینے کا یہ پہلا واقعہ ہے ۔ یکجہتی اپنی جگہ لیکن جان کس کو عزیز نہیں ہوتی اسی وجہ سے کیپ تقسیم کرنے والے دھونی سمیت بیٹسمین کے قریب فیلڈنگ کرنے والوں نے ہیلمٹ استعمال کئے تاکہ گیند سر پر نہ لگ جائے۔ ویرات کوہلی نے ٹاس جیت کر فیلڈنگ کا فیصلہ کیا تو آسٹریلیا نے 313 رنز کا خصوصی ہندسہ اسکور کی صورت میں ٹانک دیا۔ جواب میں ہند کے" سپاہی" 281 رنز پر بازی ہار گئے۔32رنز سے شکست کھانے کے بعد پلوامہ کے ہلاک شدگان سپاہیوں سے اظہار یکجہتی کرتے نظر آئے۔ عثمان خواجہ نے" سرجیکل اسٹرائیک" کرتے ہوئے خصوصی طور پر ایک چھکے اور 11چوکوں کی مدد سے خوبصورت سنچری اسکور کی اور اس خصوصی ٹوپی والے میچ کے مین آف دی میچ رہے۔ کپتان ایرون فنچ نے 3چھکوں اور 10چوکوں کی مددسے 93رنز کی اننگز کھیلی، میکسویل نے 47 اور سٹوانس نے 31 رنز بنائے اور نمایاں بلے باز رہے۔ کلدیپ یادیو نے 3 وکٹیں حاصل کیں۔ہدف کے تعاقب میں" انڈین سولجرز"میدان میں آئے لیکن کپتان ویرات کوہلی کے علاوہ کوئی اور اچھی کارکردگی نہ دکھا سکا۔ ویرات کوہلی نے 16 چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے 123 رنز کی اننگز کھیلی جبکہ باقی ٹیم مکمل اوور بھی نہ کھیل سکی اور 281پرآوٹ ہوگئی۔ آسٹریلیا کی جانب سے کمنز، رچرڈسن اور زامپا نے 3، 3 کھلاڑیوں کو آوٹ کیا ۔ سیریز کا چوتھا میچ 10مارچ کو چندی گڑ ھ میںکھیلا جائے گا، اس میں ہند کی جانب سے کوئی نئی حکمت عملی اپنائی جانے کا انتظار کے ساتھ ساتھ کرکٹ جیسے پرامن اور صاف ستھرے کھیل پر جنگی جنونیت طاری کرنے پر شائقین کرکٹ کو آئی سی سی کے ایکشن کا انتظار ہے ۔
کھیلوں کی  مزید خبریں اور تجزیئے پڑھنے کیلئے واٹس ایپ گروپ " اردو نیوز اسپورٹس" جوائن کریں

شیئر: