Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

نواز شریف کو کچھ ہوا تو قتل سمجھا جائے گا،خورشید شاہ

سکھر... پیپلز پارٹی کے رہنما اور رکن قومی اسمبلی خورشید شاہ نے واضح کیا ہے کہ اگر سابق وزیر اعظم محمد نواز شریف کو نقصان ہوا تو وہ قتل تصور کیا جائےگا اور اس کا قصور وار حکومت کو سمجھا جائےگا۔نواز شریف کی طبیعت ٹھیک نہیں۔سب صحتیابی کی دعا کریں۔ اتوار کو میڈیا سے بات کرتے ہوئے انہوںنے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان اور اس کی پارٹی میری ایک بات یاد رکھیں اگر نالائقی کی وجہ سے نوازشریف کو نقصان ہوا تو اس کو قتل سمجھا جائےگا۔ اس میں حکمراں ملوث سمجھے جائیں گے اور وہ اس سے بچ نہیں سکیں گے۔انہوںنے کہا کہ نوازشریف کو پنجاب کارڈیالوجی یا این آئی سی وی ڈی میں علاج کی اجازت نہیں دی جارہی۔لاہور کی سروسز اور جناح اسپتال میں امراض قلب کا شعبہ ہی نہیں ہے۔ نوازشریف کو جیل سے نکال ہی نہیں رہے۔انہوںنے کہا کہ وزیراعظم پورے ملک کا ہوتا ہے، صرف پارٹی کا نہیں ہوتا۔عمران خان نے خود کو ابھی تک وزیراعظم نہیں سمجھا۔ وہ اب تک کنٹینر کی سیاست کررہے ہیں۔عمران خان کی سیاست گالم گلوچ اور کنٹینر کی سیاست ہے۔پیپلز پارٹی کے رہنما نے کہا کہ ہم سیاست میں ذاتیات سے ہٹ کر بات کرتے ہیں۔ ہماری سیاست گالم گلوچ کی نہیں۔ہم نے بہت اتار چڑھاو دیکھے ہیں۔کبھی اقتدار کی بات نہیں کی بلکہ عوام کی بات کی ہے۔ انہوںنے کہا کہ جوشخص یوٹرن کا ماسٹر ہے اس کی سیاست پر بات کرنے کا کوئی فائدہ نہیں۔ وزیراعظم ریاست کا ہوتا ہے، جو وزیراعظم بد زبانی اور بے حیائی کی سیاست لے آئے اس آدمی پر کیا تبصرہ کریں۔ قوم کو چاہیے کہ دیکھے عمران خان کس قسم کی سیاست کرتے ہیں۔سابق اپوزیشن لیڈر نے کہا کہ قائد اعظم انگریزی میں تقریر کرتے تھے۔ قوم قائد اعظم کے ہر ایک لفظ کو سمجھتی تھی۔نواز، بلاول ملاقات کے پر تبصرہ کرتے ہوئے خورشید شاہ نے کہا کہ بلاول بھٹو سیاست دان ہیں۔مسلم لیگ(ن) اورپیپلزپارٹی شروع سے ہی بڑی سیاسی پارٹیاں ہیں۔

شیئر: