Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ہند کرکٹ ٹیم کی فوجی ٹوپیوں پر آئی سی سی سے پی سی بی کااحتجاج

  لاہور:پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین احسان مانی نے ہندوستانی کرکٹ بورڈکی جانب سے کھلاڑیوں کو فوجی ٹوپی پہن کر آسٹریلیا کے خلاف میچ کھیلنے کو غلط قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ ہم چاہتے ہیں کہ انٹرنیشنل کرکٹ کونسل اس معاملے پر ایکشن لے۔ احسان مانی نے کہا کہ آئی سی سی کو اس معاملے میں کوئی غلط فہمی نہیں ، کرکٹ کو بطور سیاست استعمال نہیں کرنا چاہیے۔ ہندوستانی کرکٹ ٹیم نے غلط فیصلہ کیا جس کی وجہ سے ان کا معیار گرا ہے۔اس فیصلے پر اعتراض کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ جنوبی افریقہ کے عمران طاہر اور انگلینڈ کے معین علی کے خلاف آئی سی سی نے قدم اٹھایا تھا اور ہم چاہتے ہیں کہ آئی سی سی اسی طرح ہندوستانی کرکٹ بورڈ کے خلاف بھی ایکشن لے۔احسان مانی نے کہا کہ اس معاملے پر آئی سی سی کو دوسرا خط لکھنے والے ہیں کیونکہ ہم نہیں چاہتے کہ کرکٹ کا کندھا سیاست کے لیے استعمال کیا جائے۔اس سے قبل وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے ہندوستانی کرکٹ ٹیم کی اس حرکت پر ردعمل دیتے ہوئے کہا تھا کہ دنیا نے دیکھا کہ ہندوستانی کرکٹ ٹیم نے فوجی ٹوپیاں پہنیں، آئی سی سی کو چاہیے کہ وہ اس معاملے کا نوٹس لے۔ وزیراطلاعات نے اپنے ردعمل میں کہا تھا کہ امید کرتا ہوں کہ جینٹل مینز گیم کو سیاست کی نذر کرنے پر آئی سی سی کارروائی کرے گی۔انہوں نے تجویز دیتے ہوئے کہا تھا کہ ‘اگر بھارتی کرکٹ ٹیم کو نہیں روکا گیا تو پاکستانی کرکٹ ٹیم کو کشمیر میں ہندوستانی مظالم کے حوالے سے دنیا کو باور کرانے کے لئے سیاہ پٹیاں پہن لینی چاہیے۔پاکستان سپرلیگ پر بات کرتے ہوئے چیئرمین پی سی بی احسان مانی نے کہا کہ پی ایس ایل کے دوران آسٹریلیا اور بنگلہ دیش کے سیکیورٹی عہدیدار بھی کراچی آرہے ہیں اور اس ٹورنامنٹ سے انہیں معلوم ہوجائے گا کہ پاکستان میں ٹیموں کو کوئی خطرہ نہیں ہے۔
کھیلوں کی  مزید خبریں اور تجزیئے پڑھنے کیلئے واٹس ایپ گروپ " اردو نیوز اسپورٹس" جوائن کریں

شیئر: