ریاض۔۔۔ پبلک انویسٹمنٹ فنڈ نے مملکت بھر کیلئے فضائی ٹیکسی کمپنی کے قیام کا اعلان کردیا۔ یہ پورے ملک میں اپنی نوعیت کی پہلی فضائی ٹیکسی کمپنی ہے۔ یہ سعودی عرب کے بڑے شہروں کیلئے سروس فراہم کرے گی۔ علاوہ ازیں مملکت کے ہر علاقے کیلئے سیاحتی پروگرام میں بھی حصہ لے گی۔ کمپنی کا بنیادی سرمایہ 565 ملین ریال رکھا گیا ہے۔ فضائی ٹیکسی کے قیام کا فیصلہ مملکت میں فضائی سفر کی خدمات اور اعلیٰ سیاحت کی بڑھتی ہوئی طلب کے پیش نظر کیاگیا ہے۔ یہ کمپنی بڑے شہروں میں ہیلی کاپٹروں کے ذریعے سفر کی سہولت فراہم کرے گی۔ علاوہ ازیں دور دراز تک سیاحتی مقاما ت پر سیاحوں کو پہنچانے کی سہولت بھی مہیا کرے گی۔ پبلک انویسٹمنٹ فنڈ سعودی ویژن 2030 ءکے اہداف حاصل کرنے ، وطن عزیز کو نئے شعبوں سے روشناس کرانے ، انہیں فروغ دینے اور قومی آمدنی کے نئے وسائل پیدا کرنے کی حکمت عملی پر گامزن ہے۔