سویڈن میں بس ڈرائیور کی لاپروائی
اسٹاکہوم۔۔۔۔ سویڈن کے اس شہر میں ایک بس پل کے گارڈر سے ٹکرا کر شعلوں میں تبدیل ہوگئی۔ عینی شاہدین کا کہناہے کہ گارڈر سے تصادم ہوتے ہی بس شعلوں کی لپیٹ میں آگئی۔ ہولناک بات یہ ہوئی کہ بس ڈرائیور نے گارڈر کے سامنے لگے اس انتباہی سائن بورڈ کو بھی نہیں دیکھا جس میں گارڈر کی اونچائی کا خیال رکھنے کیلئے کہا گیا تھا۔ نتیجہ یہ ہوا کہ بس کی چھت پر رکھا ہوا ایک سیلنڈر بھی دھماکے سے پھٹ گیا۔ خیال کیا جاتا ہے کہ بس میں ڈرائیور کے علاوہ کوئی دوسرا شخص سوار نہیں تھا ۔ ڈرائیورحادثے میں زخمی ہوا اور اسپتال پہنچ گیا۔حادثے کے وقت بس ڈپو جارہی تھی۔ جہاں اسکی دیکھ بھال او رمرمت کا کام ہونا تھا۔ آگ اتنی زور دار تھی کہ سرخ شعلوں اور گہرے سیاہ کثیف بادلوں نے پورے علاقے کو اپنے گھیرے میں لے لیا۔ اس واقعہ سے آس پاس رہنے والے لوگوں میں اچھی خاصی تشویش پیدا ہوگئی ہے اور یہ بات سامنے آئی ہے کہ بہت سے لوگ آج کل اندھا دھند گاڑیاں چلاتے ہیں اور محکمہ ٹریفک کی جانب سے لگائے گئے جگہ جگہ سائن بورڈز کو پڑھنے کی زحمت گوارہ نہیں کرتے اور حادثات کر بیٹھتے ہیں۔ اس حادثے کے بعد پل سے ٹریفک کی آمد ورفت کئی گھنٹے تک رکی رہی۔