رام اللہ۔۔۔ قابض اسرائیلی حکام نے قبلہ اول مسجد اقصیٰ کو بدھ کو علی الصباح فجر کی نماز کیلئے کھول دیا۔ انہوں نے منگل کو مسجد اقصیٰ بند کردی تھی اور نمازیوں کو باہر کردیاتھا۔ اسرائیلی اقدام پر فلسطینیوں نے احتجاج کیا۔ اسرائیلی فورس نے 24 گھنٹے کے دوران 51 فلسطینی گرفتار کرلئے۔ مسجد اقصیٰ کی بندش پر عالم اسلامی میں ناراضگی کی لہر دوڑ گئی تھی۔ اسلامی تعاون تنظیم او آئی سی اور عرب لیگ نے اس پر اپنا احتجاج ریکارڈ کرا دیاتھا۔ اس سے قبل اسلامی کونسل کے ترجمان نے بتایا تھا کہ قابض اسرائیلی افواج نے مسجد اقصیٰ کو نمازیوں سے خالی کرالیا ہے ۔ اسکے تمام دروازے بند کردیئے ہیں۔ فلسطینیوں کو مسجد اقصیٰ کے باہر نماز ادا کرنا پڑی۔