Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

وہ بم دھماکے اور مسلح حملے جن سے کرکٹ متاثر ہوئی

اسرار احمد
نیوزی لینڈ کے شہر کرائسٹ چرچ میں حملے کا نشانہ بننے والی مسجد النور میں اس وقت بنگلہ دیشی کرکٹ ٹیم کے کھلاڑی بھی موجود تھے تاہم تمام کھلاڑی اس حملے میں محفوظ رہے۔
بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ کے ترجمان جلال یونس کا کہنا ہے کہ ٹیم کے زیادہ تر کھلاڑی بس کے ذریعے مسجد گئے تھے اور اس وقت پارکنگ میں تھے جب یہ واقعہ پیش آیا۔
انھوں نے خبر رساں ادارے اے ایف پی کو بتایا ”وہ محفوظ ہیں لیکن وہ صدمے میں ہیں۔ ہم نے ٹیم سے کہا ہے کہ ہوٹل میں ہی رہیں۔“ حملے کے بعد بنگلہ دیش کی ٹیم کا دورہ نیوزی لینڈ منسوخ کر دیا گیا ہے اور اب شیڈول کے مطابق 3 روزہ سیریز کا تیسرا میچ نہیں کھیلا جائے گا۔
یہ اپنی نوعیت کا پہلا واقعہ نہیں جس سے کرکٹ میچز یا سیریز منسوخ ہوئی ہو۔ 
نیوزی لینڈ کرکٹ کے چیف ایگزیکٹیو آفیسر ڈیوڈ وائٹ نے ایک بیان میں کہا کہ’ ’ہم صدمے میں ہیں اور ہمیں دھچکا لگا ہے اور تمام نیوزی لینڈر صدمہ میں ہیں۔ ہم ٹیموں میں موجود ان تمام لوگوں کی جو اس صورتحال کی وجہ سے متاثر ہوئے ہیں سپورٹ فراہم کر رہے ہیں۔ ہم مسلسل گراﺅنڈ میں موجود آفیشل سے مشورہ کر رہے ہیں۔“
نیوزی لینڈ کرکٹ کی ویب سائٹ میں شائع ہونے والے ایک بیان کے مطابق بنگلہ دیش کی کرکٹ ٹیم کو فورا ًواپس بھیجنے کےلئے انتظامات کئے جا رہے ہیں۔ ماضی میں دنیا بھر میں شدت پسندی اور مسلح حملوں کے کئی ایسے واقعات ہوئے ہیں جن کی وجہ سے انٹرنیشنل کرکٹ میچز ملتوی یا منسوخ ہوئے۔
 
لاہور میں زمبابوے کی ٹیم کے دورہ کے دوران خودکش حملہ:۔
30 اپریل 2015 ءکو قذافی اسٹیڈیم لاہور میں زمبابوے اور پاکستان کے درمیان دوسرے ون ڈے کے دوران اسٹیڈیم کے باہرخود کش حملے میں ایک شخص ہلاک ہوا۔ زمبابوے کی ٹیم لاہور میں سری لنکن ٹیم پر 2009 ءمیں ہونے والے حملہ کے بعد پاکستان آنے والی پہلی بین الاقوامی ٹیم تھی۔ تاہم حملے کے باوجود دورہ جاری رہا اور زمبابوے کی ٹیم نے 3 میچوں پر مشتمل مختصر دورہ مکمل کیا۔
لاہور میں سری لنکن ٹیم پر حملہ:۔
3 مارچ 2009 ءکو لاہور میں پاکستان کے دورے پر موجود سری لنکن ٹیم کی بس پر شدت پسندوں نے کیا جس میں 7 افراد ہلاک اور 20 زخمی ہوگئے جن میں سری لنکن کرکٹ ٹیم کے7 کھلاڑی بھی تھے۔ اس حملے کے 10 سال بعد بھی پاکستان میں بین الاقومی کرکٹ مکمل طور پر بحال نہیں ہوئی ہے۔
 ممبئی حملہ اور انگلینڈ کی ٹیم کی واپسی:۔
26 نومبر 2008 ءکو ہندوستانی شہر ممبئی میں ہونے والے حملے میں 170 افراد ہلاک ہوگئے۔ ممبئی حملے کے دوران ہندکے دورے پر آئی ہوئی انگلینڈ کی ٹیم نے دورہ ادھورا چھوڑ کر واپسی کی راہ لی تاہم انگلش ٹیم نے بعد میں واپس آکر دورہ مکمل کیا۔ ِ
آسٹریلیا کی ٹیم کے دورہ سے پہلے نئی دہلی میں 5 بم دھماکے:۔
 13 ستمبر 2008 ءکو آسٹریلیا کی ٹیم کے دورہ ہند سے صرف ایک ہفتہ پہلے دہلی کے پرہجوم بازار میں5 دھماکے ہوئے جن کے نتیجے میں 20 افراد ہلاک اور 90 سے زائد زخمی ہوگئے۔ تاہم ابتدائی خدشات کے باوجود آسٹریلیا کا دورہ شیڈول کے مطابق ہوا۔
کراچی میں دھماکے کے بعد نیوزی لینڈ دورہ ادھورا چھوڑ کر واپس:۔
مئی 2002 ءمیں کراچی کے ایک ہوٹل کے باہر دھماکہ ہوا جس میں نیوزی لینڈ کی ٹیم بھی ٹھہری ہوئی تھی۔ دھماکہ اس وقت ہوا جب نیوزی لینڈ کی ٹیم ٹیسٹ میچ کھیلنے کےلئے ہوٹل سے نیشنل ا سٹیڈیم کیلئے نکل رہی تھی۔ دھماکے بعد نیوزی لینڈ کی ٹیم دورہ ادھورا چھوڑ کر واپس چلی گئی۔
آسٹریلیا کی ٹیم کا دورہ پاکستان منسوخ:۔
 نیویارک میں 11 ستمبر 2001 ءکے حملوں بعد خطے اور پاکستان میں سکیورٹی صورتحال کے پیش نظر آسٹریلیا نے اگست 2002 ءسے شروع ہونے والا اپنا پاکستان کا دورہ منسوخ کر دیا تھا۔
نیوزی لینڈ کے دورہ سری لنکا کے دوران کولمبو میں دھماکے:۔
24 جولائی 2001 ءکو نیوزی لینڈ کے دورہ سری لنکا کے دوران کولمبو انٹرنیشنل ائیرپورٹ کے قریب بم دھماکے میں 14 لوگ ہلاک ہوگئے۔ تاہم اگلے دن نیوزی لینڈ نے سری لنکا کے خلاف میچ انتھائی سخت سکیورٹی میں کھیلا۔
آسٹریلیا اور ویسٹ انڈیز کا سری لنکا میں ورلڈ کپ میچز کھیلنے سے انکار:۔
11 فروری 1996 ءکو کولمبو میں ایک خوفناک بم دھماکے میں 80 سے زائد افراد کی ہلاکت کے ایک ہفتے بعد آسٹریلیا اور نیوزی لینڈ کی ٹیموں نے سری لنکا میں عالمی کرکٹ کپ کے میچز سری لنکا کھیلنے سے انکار کر دیا تھا جس سے انھیں پوائنٹس بھی کھونے پڑے تھے۔
1992 میں نیوزی لینڈ کے دورہ سری لنکا کے دوران دھماکے:۔
16 نومبر 1992 کو سری لنکا کے دورہ پر موجود نیوزی لینڈ کرکٹ کے ہوٹل کے باہر تامل ٹائیگرزکے دھماکے سے 4 افراد ہلاک ہوگئے تھے۔ ٹیم کے5 کھلاڑی اور کوچ دھماکے کے بعد نیوزی لینڈ فورا واپس وطن چلے گئے۔
1987ءمیں نیوزی لینڈ نے دورہ سری لنکا ادھورا چھوڑ دیا:۔
نیوزی لینڈ کی کرکٹ ٹیم نے 1987 ءمیں سری لنکا کا دورہ کیا، کولمبو کرکٹ گراﺅنڈ میں ہونے والا پہلا میچ ڈرا ہوا جبکہ دوسرا اور تیسرا میچ سری لنکا میں حالات خراب ہونے کے باعث نہ ہوسکے۔ بعد میں کولمبو میں نیوزی لینڈ کی ٹیم کے ہوٹل کے باہر ہونے والے بم دھماکے میں 113 افراد کی ہلاکت کے بعد دورہ ادھورا چھوڑ کر واپس چلی گئی۔
*********

شیئر: