Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

بنگلہ دیش نیوزی لینڈ کا تیسرا ٹیسٹ منسوخ، دورہ ختم

  کرائسٹ چرچ: نیوزی لینڈ کی2مساجد میں فائرنگ اور درجنوں افراد کی ہلاکت کے واقعے میں بنگلہ دیشی ٹیم کے کھلاڑی محفوظ رہے ۔کرائسٹ چرچ میں بنگلہ دیش اور نیوزی لینڈ کے درمیان ٹیسٹ سیریز کا تیسرا اور آخری میچ شروع ہونے والا تھا جو منسوخ کر کے ٹیم کا دورہ ختم کردیا گیا۔اطلاعات کے مطابق بنگلہ دیشی ٹیم کے کھلاڑی نماز جمعہ کی ادائیگی کے لئے مسجد پہنچنے والے تھے کہ فائرنگ کی آواز سن کر رک گئے اور پھر صورتحال مخدوش دیکھ کر فوری واپس چلے گئے ۔بنگلہ دیشی کرکٹ بورڈ کے ترجمان نے بھی اس بات کی تصدیق کی کہ ٹیم کے کئی ارکان مسجد پہنچ کر اندر داخل ہونے ہی والے تھے کہ فائرنگ کی آواز سن کر چوکنے ہو گئے اور واپس روانہ ہو گئے ۔ ان کا کہنا تھا کہ ٹیم کے تمام اراکین محفوظ ہیں تاہم شدید صدمے کا شکار ہیں اورانہیں وطن واپسی کے انتظامات تک ان کے ہوٹل تک محدود کر دیا گیا ہے۔بنگلہ دیشی ٹیم کے سیکیورٹی آفیشلز نے تصدیق کی ہے کہ ٹیم کے تمام کھلاڑی اور عملہ ہوٹل واپس پہنچ گیااور بالکل محفوظ ہے۔ دوسری جانب نیوزی لینڈ کی مساجد میں ہونے والے فائرنگ کے واقعے کے بعد میزبان ٹیم اور بنگلہ دیش کے درمیان کرائسٹ چرچ میں کھیلے جانے والے ٹیسٹ میچ کو منسوخ کردیا گیا ہے اور بنگلہ دیش کی ٹیم بھی دورہ نیوزی لینڈختم کرکے وطن واپس جا رہی ہے۔نیوزی لینڈ اور بنگلہ دیش کے کرکٹ بورڈ  نے باہمی مشورے سے میچ منسوخ اور دورہ ختم کردیا ۔ نیوزی لینڈ کرکٹ کے چیف ایگزیکٹو ڈیوڈ وائٹ نے کہا کہ میں نے بنگلہ دیش میں اپنے ہم منصب سے بات چیت کی اور ہم نے اس موقع پر کرکٹ نہ کھیلنے کا فیصلہ کیا ، یہ ناقابل یقین واقعہ ہے اور ہم سب گہرے صدمے سے دوچار ہیں۔
کھیلوں کی  مزید خبریں اور تجزیئے پڑھنے کیلئے واٹس ایپ گروپ" اردونیوز اسپورٹس" جوائن کریں

شیئر: