اتر پردیش میں پرینکا گاندھی کی انتخابی مہم کا آغاز
لکھنؤ۔۔۔ کانگریس کی جنرل سیکریٹری پرینکا گاندھی اترپردیش میں انتخابی مہم کے آغاز کیلئے 4روزہ دورے پرعام طیارے کے ذریعےدہلی سے لکھنؤ پہنچیں ۔طیارے میں مسافروں نے ان کے ساتھ سیلفی بھی بنوائیں۔ لکھنؤ میں واقع پارٹی دفترمیں کانگریس کے سینیئر رہنماؤں اور کارکنوں سے ملاقاتیں کرینگی۔کانگریس کی نظر یوپی کی40نشستوں پر ہے جس کے پیش نظر پرینکا گاندھی اپنے اس دورے پر علاقے کے بڑے چھوٹے رہنما ؤں کے ساتھ میٹنگ میں انتخابی حالات کا جائزہ لیں گی۔’’آج تک‘‘ ویب سائٹ کے مطابق پیر سے پرینکا گاندھی سہ روزہ انتخابی سفر کا آغاز کرینگی۔ اس دوران وہ پریاگ راج (الٰہ آباد) سےمختلف گاؤں سے گزرتے ہوئے وارانسی پہنچیں گی ۔وہاں سے پھر بھدو ہی اور مرزا پور میں روڈ شو اور عوامی ریلی سے خطاب کرینگی۔
٭پرینکا گاندھی کا کشتی کے ذریعے سفر
18مارچ سے پرینکاگاندھی الٰہ آباد سے کشتی کے ذریعے ’’گنگا جمنی تہذیب یاترا‘‘کا آغاز کرینگی۔ کشتی کا سفر پریاگ راج سے شروع ہوکر وزیر اعظم مودی کے حلقہ انتخاب وارانسی میں ختم ہوگا۔پرینکا کی کشتی کو انتظامیہ کی جانب سے منظوری مل چکی ہے۔وارانسی میں روڈ شو کے دوران2لاؤڈاسپیکر اور 10گاڑیاں قافلے میں شریک ہونگی۔ اس کی سیکیورٹی کی ذمہ داری ایس پی جی سنبھالیں گے۔
٭19مئی کو عوامی ریلی سے خطاب
منگل کو پرینکا گاندھی مرزا پور جائیں گی جہاں روڈ شو کے بعد عوامی ریلی سے خطاب کے بعدبدھ کو وارانسی میں انتخابی مہم کا آغاز کرینگی۔وہ لال بہادر شاستری کی رہائش ، کاشی وشو ناتھ مندراور جین سماج کی تقریب میں شرکت کرینگی۔یوپی کانگریس صدر راج ببر نے بتایا کہ پرینکا انتخابی مہم کے دوران گاؤں اور شہروں میں آباد لوگوں سے ملاقات کرکے ان کے نظریے اورانتخابی رخ کا اندازہ لگائیں گی۔