غذا میں تبدیلی لا کر اور درست غذا کا انتخاب کرکے وزن میں کمی لائی جاسکتی ہے۔ درست ڈائٹ پلان کے ذریعے آپ بیلی فیٹس اور بڑھے ہوئے پیٹ سے نجات حاصل کر سکتے ہیں۔ وزن کم کرنا ایک ایسا گول ہے جس کے بارے میں اکثر افراد اس لئے پریشان نظر آتے ہیں کہ آغاز کس طرح کریں اور کون سی غذائیں وزن کم کرنے میں انہیں مدد دیں گی۔
ایسی بہت سی غذائی قدرت نے فراہم کی ہیں جو وزن کو کم کرنے اور جسم کو سمارٹ بنانے کی بہترین صلاحیت رکھتی ہیں۔ تحقیقات کے مطابق نباتاتی غذائیں صحت کو بہتر بناتی ہیں اور جسم کو کسی قسم کا نقصان پہنچائے بغیر اور صحت و تندرستی میں بنا کسی کمی کے وزن میں کمی کا سبب بنتی ہیں۔ برٹش میڈیکل جرنل میں شائع ہونے والی ایک رپورٹ کے مطابق وہ لوگ جو نباتاتی غذائیں استعمال کرتے ہیں ، اپنی روزمرہ کی کیلوریز کی مقدار کو کم کیے بغیر سلم اور سمارٹ جسم حاصل کر سکتے ہیں۔ تحقیق میں شامل ہر6میں سے 5 افراد کے نہ صرف وزن میں کمی واقع ہوئی بلکہ ذیابیطس کے اثرات میں بھی خاطر خواہ کمی نظر آئی۔
نباتاتی غذائیں بہت سی شکل میں دستیاب ہیں جیسے پھل ،سبزیاں ، اناج ، میوہ جات اور مختلف اقسام کے بیج وغیرہ۔ اس کے ساتھ ساتھ ماہرین وزن کم کرنے کے لئے گوشت ، ڈیری پراڈکٹس جیسے کے انڈے ، دودھ اور پنیر وغیرہ کے استعمال میں احتیاط کا مشورہ دیتے ہیں۔ اور اگر آپ گوشت اور ڈیری مصنوعات سے پرہیز نہیں کر سکتے تو فائبر سے بھرپور نباتاتی غذاو¿ں کے استعمال سے مثبت نتائج حاصل کر سکتے ہیں۔ تحقیق کے مطابق فائبر سے بھرپور غذائیں ہاضمے کو بہتر بناتی ہیں اس طرح میٹا بولزم کی رفتار کو بڑھا کر بڑھے ہوئے پیٹ کو کم کرنے میں مدد دیتی ہیں۔ اس کے ساتھ ساتھ یہ غذائیں صحت کو بہتر بنانے میں بھی اہم کردار ادا کرتی ہیں۔ وٹامنز ، فائبر ، منرلز اور پروٹین سے بھرپور ہونے کے سبب نباتاتی غذائیں جسم کو تمام ضروری غذائی اجزا فراہم کرتی ہیں۔ اس کے ساتھ یہ مدافعاتی نظام کو مضبوط بناتی ہیں اور ذیابیطس اور کینسر جیسی بیماریوں میں مبتلا ہونے کے خطرات کو کم کرنے میں اہم کردار ادا کرتی ہیں۔