”اسلام فوبیا“ نہ روکا گیا تو انارکی پھیل جائیگی، العثیمین
جدہ ۔۔۔ اسلامی تعاون تنظیم او آئی سی کے سیکریٹری جنرل یوسف العثیمین نے خبردار کیا ہے کہ اگر اسلام فوبیا یا نفرت کے بیانیے کو نہ روکا گیا توانارکی پوری دنیا کو اپنی لپیٹ میں لے لے گی۔ وہ جمعہ کو استنبول میں مسلم وزرائے خارجہ کے ہنگامی اجلاس سے خطاب کررہے تھے۔ اجلاس ترکی کی درخواست پر نیوزی لینڈ کی مساجد میں نمازیوں کے قتل عام کے سانحہ کے تناظر میں منعقد ہوا۔ العثیمین نے کہا کہ اسلام اور مسلمانوں کے خلاف نفرت کا بیانیہ دن بدن بڑھتا جارہا ہے۔ دائیں بازوکی انتہا پسند جماعتیں بلکہ سرکاری ادارے اسلام فوبیا کے علمبردار بنے ہوئے ہیں۔ اس قسم کی جماعتوں کی تعداد بے نظیر شکل میں بڑھ رہی ہے۔سبق ویب سائٹ کے مطابق انہوں نے کہا کہ دائیں بازو کے انتہا پسندانہ افکار پر مبنی نفرت کے بیانیے کا ہدف صرف اسلام اور اسکے پیرو کار نہیں بلکہ یہ ڈیموکریٹک لبرل مغربی ممالک او رسسٹم کو بھی نشانہ بنائے ہوئے ہے۔ انہوں نے کہا کہ او آئی سی کے رکن مسلم ممالک کے درمیان مثبت تعاون انتہا پسندی اور دہشتگردی کے خاتمے میں معاون بنے گا۔