اسپیشل کھلاڑی 64 میڈلز جیت کر پاکستان واپس، پرتپاک استقبال
کراچی:پاکستان کے اسپیشل کھلاڑیوں نے ابوظبی میں ہوئے اسپیشل اولمپکس ورلڈ گیمز میں مجموعی طور پر بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے 64میڈلز حاصل کئے۔ اس کارنامے کے بعد کھلاڑیوں کا کراچی کے قائداعظم انٹرنیشنل ائیرپورٹ پر شاندار استقبال کیا گیا۔ پاکستان کا نام روشن کرنے والا دستہ پاکستان واپس پہنچا توبڑی تعداد میں اہل خانہ اور شائقین موجود تھے، کھلاڑیوں کے اہل خانہ خوشی سے پھولے نہیں سما رہے تھے ۔کھلاڑی جیسے ہی ایئرپورٹ سے باہر آئے تو انھیں پھولوں کے ہار پہنائے گئے اور پھولوں کی پتیاں نچھاور کی گئیں۔ اس موقع پر پاکستان زندہ باد کے فلک شگاف نعرے بھی لگائے گئے، ٹیم کے ہمراہ کوچ اور دیگر آفیشلز بھی موجود تھے۔ابوظبی میں ہونے والے اولمپکس گیمز میں پاکستانی کھلاڑیوں نے 10مختلف کھیلوں کے انفرادی اور ٹیم ایونٹس میں سونے کے 19، چاندی کے 27 اور کانسی کے 18 تمغے حاصل کئے۔ سونے کے تمغے فٹبال، ایتھلیٹکس، پاور لفٹنگ، ٹینس، سائیکلنگ اور باسکٹ بال میں جیتے۔ ائیر پورٹ پر اسپیشل اولمپکس پاکستان کی سربراہ رونق لاکھانی نے کہا کہ کھلاڑیوں نے بہت زیادہ محنت کی تھی اور اولمپکس میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے اسپیشل اولمپکس ورلڈ گیمز میں عمدہ کارکردگی دکھائی۔اس موقع پر فاتح کھلاڑیوں نے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ ورلڈ گیمز میں دنیا بھر سے کھلاڑی آئے ہوئے تھے لیکن ہم ہمت نہیں ہارے اور انتہائی محنت اور جانفشانی سے پریکٹس کی اور ایونٹس میں حصہ لیا جس میں سرخرو ہوئے، ان کا کہنا تھا کہ ہم نے ثابت کردیا کہ پاکستانی کسی بھی میدان میں کسی سے بھی پیچھے نہیں ہیں۔بعد ازاں کراچی کے شاپنگ مال میں خصوصی تقریب کا اہتمام کیا گیا۔اس موقع پر اسپیشل کھلاڑیوں نے پاکستان کا قومی ترانہ پڑھا او یوم پاکستان کی مناسبت سے فلک شگاف قومی نعرے بھی لگائے۔پاکستان اسپیشل اولمپکس کی چیئر پرسن رونق لاکھانی کا کہنا تھا کہ کھلاڑیو ں کی وطن سے والہانہ محبت ہے کہ وہ اپنی آمد کے چند گھنٹے بعد ہی یوم پاکستان کی تقریب میں پہنچ گئے۔
کھیلوں کی مزید خبریں اور تجزیئے پڑھنے کیلئے واٹس ایپ گروپ" اردونیوزاسپورٹس" جوائن کریں