دہلی کی ’’لیڈی ڈان‘‘گرفتار
نئی دہلی۔۔۔ شہر کے جنکپوری علاقہ میں 2لٹیروں نے ایک خاتون کو لوٹنے کے بعد کافی دور تک موٹر سائیکل کے ساتھ گھسیٹتے ہوئے لے گئے۔ اس واقعہ کے بعد خصوصی سیکیورٹی فورس نے ملزمان کو گرفتارکرلیا۔ان میں ایک خاتون شامل ہے۔مشرقی دہلی کی ڈی سی پی مونیکا بھاردواج نے بتایا کہ گرفتار ملزمان میں رمنجیت کور عرف رنکل اور اس کا دوست رمنیک سنگھ عرف وینے شامل ہیں ۔33سالہ رمنجیت نا نگلوئی میں رہتی ہے ۔پولیس نے اسکے قبضے سے واردات میں استعمال ہونیوالی موٹر سائیکل ،اسکوٹراور ایک ہزار روپے نقد برآمد کئے۔جنک پوری علاقے میں خاتون کو لوٹنے کا وڈیو وائرل ہوتے ہی پولیس نے سراغ لگاکر وکاس پور آکسفورڈ اسکول کے قریب سے دونوں ملزمان کو گرفتار کرلیا۔ان پر لوٹ مار اور اسنیچنگ کے کئی مقدمات درج ہیں۔این بی ٹی کے مطابق رمنجیت کور پہلے اپنے شوہر کے ساتھ مل کر واردات انجام دیا کرتی تھی ۔ شوہر کے جیل جانے کے بعد اس نے رمنیک سنگھ کو دوست بناکر وارداتیں کرنے لگی۔پولیس نے بتایا کہ ان کی شناخت کیلئے 30سے زائد سی سی ٹی وی کیمروں کے فوٹیج کو باریک بینی سے دیکھا گیا ۔ پوچھ گچھ کے دوران رمنجیت نے بتایا کہ وہ لڑکوں کے کپڑے پہنتی ہے تاکہ واردات کے وقت پہچان میں نہ آسکے۔دونوں گزشتہ سال بھی گرفتاری کے بعد ضمانت پر رہا کردیئے گئے تھے۔ذرائع کا کہنا ہے کہ رمنجیت کور کے واردات میں شامل ہونے سے پولیس کے اُن دعوؤں کی قلعی کھل گئی جس میں جیل سے باہر آنے والے قیدیوں کی نگرانی کا دعویٰ کیا جاتا ہے۔