اب نریندر مودی کا بھی ’نیا انڈیا‘ بنانے کا وعدہ
انڈیاکے وزیراعظم نریندر مودی نے عام انتخابات کے لیے اپنی باضابطہ الیکشن مہم کا آغاز کیا ہے ۔ جمعرات کو ملک کی سب سے زیادہ آبادی والی ریاست اتردیش سے اپنی انتخابی مہم کے سلسلے میں ریلی سے خطاب کرتے ہوئے نریندر مودی نے کہا کہ ’ہمارا ویژن نیا انڈیا ہے جو اپنے شاندار ماضی کے مطابق ہوگا۔‘
بھارتیہ جنتا پارٹی کو ایک بار پھر برسراقتدار لانے کے لیے وزیراعظم مودی لوگوں سے ترقی اور نیشنل سیکورٹی کے ایجنڈے پر ووٹ مانگ رہے ہیں۔
انڈیا میں عام انتخابات اپریل کی 11تاریخ کوشروع ہو رہے ہیں جس میں ہندو قوم پرست اتحاد کوکامیابی حاصل کرنے کی توقع ہے ۔ اس اتحاد کی سربراہی نریندر مودی کر رہے ہیں جن کی جماعت بھارتیہ جنتا پارٹی ملک کی بڑی جماعت ہے ۔
اترپردیش کے شہر میرٹھ میں ریلی سے خطاب میں انڈیا کے وزیراعظم نے کہا کہ اس ملک میں ایسی کئی حکومتیںآئیں جنہوں نے صرف نعرے لگائے۔ ان کا کہنا تھا کہ ’پہلی بار ایسی حکومت ہے جس نے جو کہا کر دکھایا۔‘
انڈیا کی پارلیمان میں ریاست اتردیش کی سب سے زیادہ نشستیں ہیں ۔
نریندر مودی کی ریلی میں ہزاروں افراد نے شرکت کی جنہوں نے پارٹی کے جھنڈوں والی ٹی شرٹس پہن رکھی تھیں ۔
خیال رہے کہ انڈیا کے عام انتخابات کو دنیا میں سب سے بڑی جمہوری مشق کہا جاتا ہے جہاں 90کروڑ افراد ووٹ پول کرتے ہیں ۔
یہ الیکشن مرحلہ وار منعقد ہوتے ہیں ۔ گیارہ اپریل کو شروع ہونے والے انتخابات کا اختتام 19مئی کو ہوگا جبکہ ووٹوں کی گنتی 23مئی سے شروع ہوگی ۔
یاد رہے کہ پاکستان میں برسراقتدار پارٹی تحریک انصاف نے بھی گذشتہ الیکشن میں ’نیا پاکستان‘ کا نعرہ لگا کر ووٹ حاصل کیے تھے ۔